یوم شہادت حضرت علیؓ کے موقع پر خیرپور میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کرنے کا فیصلہ

جمعرات 28 مارچ 2024 16:21

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2024ء) ضلعی انتظامیہ خیرپور کی جانب سے یوم شہادت حضرت علیؓ کے موقع پر فول پروف حفاظتی انتظامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ، صفائی ستھرائی ، سٹریٹ لائٹ، داخلی اور خارجی راستوں پر چیکنگ سمیت کنٹرول روم قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ۔اس سلسلے میں ڈی سی آفس خیرپور میں چیئرمین امن کمیٹی و ڈپٹی کمشنر سید احمد فواد شاہ کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں ایس ایس پی زبیر نظیر شیخ، اے ڈی سی جواد علی لاڑک، غضنفر شاہ، رینجرز کے افسران ،ڈی آئی انچارج علی گل ملاح، اسسٹنٹ کمشنرز، مذہبی رہنمائوں، ضلعی امن کمیٹی کے تمام اراکین، میونسپل کمیٹیز، لوکل گورنمنٹ ، سیپکو، صحت ، محکمہ اطلاعات خیرپور اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فلسطین کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی اور امن کمیٹی کے رکن میر محمد میرک کی صحت یابی کے لیے دعا کی گئی ۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سید احمد فواد شاہ نے کہا کہ یوم شہادت امام علی علیہ السلام کے سلسلے میں ریونیو، پولیس اور دیگر اداروں کا مشترکہ طور پر کنٹرول روم قائم کیا جائے گا۔ مجالس، جلوسوں ، امام بارگاہوں سمیت دیگر مقامات پر صفائی ستھرائی، روشنی کے انتظامات اور دیگر امور پرعملی جامہ پہنا کر رپورٹ فراہم کی جائے۔ ایس ایس پی خیرپور زبیر نظیر شیخ نے اجلاس کے دوران کہا کہ حفاظتی انتظامات کی تمام تر نگرانی وہ خود کریں گے جلوسوں، مجالس اور امام بارگاہوں کا دورہ کرکے تمام انتظامات کا جائزہ لیا جائے گا اور ضلعی انتظامیہ سمیت تمام مذہبی رہنمائوں کے ساتھ تعاون رکھا جائے گا ۔

انچارج علی گل ملاح نے اجلاس میں بتایا کہ یوم شہادت امام علیہ السلام کے سلسلے میں 1632 سے زائد پولیس افسران اور اہلکارو مقرر کیے جائیں گے جبکہ رینجرز کے افسران اور اہلکار بھی اپنی ڈیوٹیاں سرانجام دیں گے۔ کانٹی جنسی پلان ترتیب دیا گیا ہے کامیاب منصوبہ بندی کے ساتھ حکمت عملی پر عملدرآمد کیا جائے گا ۔ اجلاس میں تمام افسران اور مذہبی رہنمائوں کی جانب سے سفارشات، تجاویز اور گزارشات پیش کی گئیں ۔

متعلقہ عنوان :