بہاول پور، میونسپل کارپوریشن میں کرپٹ اہلکاروں کی اہم سیٹو ں پردوبارہ تعیناتی

شہریوں کی جانب سے کمشنر بہاولپورکو تحریری مراسلہ جاری کردیاگیا، فوری نوٹس لیتے ہوئے کاروائی کامطالبہ

جمعرات 28 مارچ 2024 20:31

بہاول پور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 مارچ2024ء) میونسپل کارپوریشن میں کرپٹ اہلکاروں کی اہم سیٹو ں پردوبارہ تعیناتی، شہریوں کی جانب سے کمشنر بہاولپورکو تحریری مراسلہ جاری کردیاگیا، فوری نوٹس لیتے ہوئے کاروائی کامطالبہ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق شہریوں ندیم عباس وغیرہ کی جانب سے کمشنر بہاولپورکو جاری کردہ مراسلے میں بتایاگیاہے کہ میونسپل کارپوریشن میں عرصہ دس بارہ سالوں سے ایک کرپٹ مافیانے کرپشن ،لاقانونیت ،بے ضابطگیوں کی انتہاء کررکھی ہے جن کوہمیشہ بااثرسیاسی وسرکاری افراد کی پشت پناہی حاصل رہتی ہے جس کی وجہ سے آج تک ان کے خلاف کوئی ٹھوس کاروائی عمل میں نہیں لائی جاسکی جبکہ ان میں سابقہ بلڈنگ انسپکٹرعبدالرزاق، سلیم چشتی اورسابقہ نقشہ برانچ کلرک علی اکبرکامران اینٹی کرپشن کے مقدمات میں نہ صرف جوڈیشل ہوچکے ہیں بلکہ عبدالرزاق اہلکار سے اینٹی کرپشن نے 22لاکھ کی ریکوری بھی حال ہی میں کی ہے اسی بناء پرسابقہ کمشنر /ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن نے نہ صرف ان کومعطل کردیاتھابلکہ جب بحال کیاتودیگرشعبوں میں ان کاٹرانسفرکردیاگیاتھا لیکن اب یہ دوبارہ سفارشوں اوراپنے اثرورسوخ کے زریعے نقشہ برانچ میں بطوربلڈنگ انسپکٹر تعینات ہوگئے ہیں جوکہ کمپیٹنٹ اتھارٹیز اور وزیراعلیٰ پنجاب کے کرپشن فری پنجاب کے دعوئے پرسوالیہ نشان ہیں لہٰذا فوری طورپرمعاملے کانوٹس لیتے ہوئے ان کرپٹ مافیا کے سابقہ ریکارڈ کودیکھاجائے اوراینٹی کرپشن میں قائم مقدمات کوسامنے رکھتے ہوئے ان کرپٹ ملازمین کو فوری ان اہم سیٹوں سے ہٹاکر ان کی کرپشن کے معاملات کی مکمل تحقیقات کروائی جائے۔