پی آئی اے کے ذمہ واجب الادا قرض کی ری پروفائلنگ کیلئے ٹرم شیٹ طے

کمرشل بینکوں کی جانب سے رواں ہفتے این او سی جاری ہو گا، پی آئی اے کے گروی رکھے گئے اثاثے واپس منتقل ہو جائیں گے

جمعرات 28 مارچ 2024 19:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مارچ2024ء) پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی ای)نجکاری میں بڑی رکاوٹ دور ہوگئی، پی آئی اے کے ذمہ واجب الادا قرض کی ری پروفائلنگ کیلئے کمرشل بینکوں سے ٹرم شیٹ طے کر لی گئی ہے،اس کے بعد کمرشل بینکوں کی جانب سے رواں ہفتے این او سی جاری ہو گا اور پی آئی اے کے گروی رکھے گئے اثاثے واپس منتقل ہو جائیں گے۔

ٹرم شیٹ سائن ہونے سے بینکوں کو قرض 10 برسوں میں تقریبا 12 فیصد کی شرح سے منافع ملے گا۔

(جاری ہے)

ابتدائی ڈھانچہ کے مطابق پی آئی اے کے 51 فیصد تک شئیرز فروخت کیے جائیں گے جبکہ ایئرلائنز کے تقریبا 49 فیصد شئیرز حکومت کی ملکیت میں ہی رہیں گے۔ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی نجکاری سے موصول رقم پی آئی اے کی بحالی کیلیے خرچ کرنے کی تجویز ہے۔ پی آئی اے خریدنے والی پارٹی کو 51 فیصد پی آئی اے میں سرمایہ کاری کرنا ہو گی۔ذرائع کے مطابق پی آئی اے منافع بخش ادارہ بننے پر ملنے والے ڈیویڈنڈ سے بینکوں کو قرض واپس کیا جائے گا۔ٹرم شیٹ کے مطابق بینکوں کو سکوک، اسلامک اور کنونشنل بانڈز جاری کیے جا سکتے۔