کچہ ایریا میں ڈاکوں کیخلاف غیرمعمولی حکمت عملی اختیار کرنا ہوگی،آئی جی سندھ

مغویان کی صحیح سلامت بازیابی کے لیئے سی پی ایل سی سے ٹیکنیکل سپورٹ کو بھی ممکن بنایا جائے گا ،غلام نبی میمن کا اجلاس سے خطاب

جمعرات 28 مارچ 2024 21:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مارچ2024ء) آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی زیر صدارت سندھ میں کچہ ایریا کے ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن میں یقینی کامیابی کیلئے غیر معمولی حکمت عملی اور لائحہ عمل اختیار کرنے اور فیصلوں پر عمل درآمد کے حوالے سے جملہ امور و اقدامات پر بات چیت کی گئی اور اس ضمن میں قرار واقعی اور نتیجہ خیز اقدامات کو سامنے رکھتے ہوئے فیصلے کیئے گئے۔

اجلاس میں شریک ڈی آئی جی سکھر،ایس ایس پیز،گھوٹکی،سکھر،شکارپور اور کشمور/کندھ کوٹ نے زریعہ ویڈیو لنک کچہ ایریا کے ڈاکوؤں کے خلاف غیر معمولی حکمت عملی و انٹیلی جینس بیسڈ آپریشنز جیسے اقدامات کے نتائج اور کامیابی پر علیحدہ علیحدہ بریفنگ دی اور آپریشن کی متفقہ طور پر تائید و توثیق کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سی پی ایل سی چیف زبیر حبیب بھی موجود تھے۔

آئی جی سندھ نے کہا کہ کچہ ایریاز میں ڈاکوں کے خلاف منظم کاروائیوں اور مغویان کی صحیح سلامت بازیابی کے لیئے سی پی ایل سی سے ٹیکنیکل سپورٹ کو بھی ممکن بنایا جائے گا اور اس حوالے سے پولیس اور سی پی ایل سی کا اشتراک یقینا مفید اور ثمر آور ثابت ہوگا۔آئی جی سندھ نے کہا کہ کچہ ایریاز میں تعینات پولیس اہلکاروں کو 10000 روپئے ماہانہ الانس کی فراہمی کے تمام تر اقدامات کرلیئے گئے ہیں,چونکہ یہ الانس صرف اور صرف کچہ ایریاز کے اہلکاروں کے لیئے ہے لہذا اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ یہ الانس کسی گارڈ یا گن مین یا دیگر اسٹاف کو ہر نہیں دیا جائیگا بصورت دیگر تمام تر ذمہ داری متعلقہ ایس ایس پیز پر عائد کی جائیگی اور ان ہی کو جوبدہ ٹھرایا جائیگا۔

آئی جی سندھ نے کہا کہ سندھ میں موجود کچہ ایریاز سے شہریوں کو جھانسے اور لالچ سے ہنی ٹریپ کا شکار بنانا پولیس اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے لیئے بڑا چیلنج ہے۔ ملک بھر سے معصوم شہریوں کو سوشل میڈیا کے زریعے نوکری,کاروبار,رشتہ,پیسہ اور سستی گاڑی وغیرہ کا لالچ دیکر کچہ ایریاز میں بلوانا اور مغوی بناکر انکے اہل خانہ سے بھاری تاوان کا مطالبہ کرنیوالے ڈاکوں اور انکے سرپرستوں کو ہمیں باہم روابط,مثر و مستند انٹیلی جینس کی بدولت کیفرکردار تک پہنچانا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات کے سدباب کے لیئے سندھ کے کچہ ایریاز میں قائم پولیس چیک پوسٹس کو مزید فعال اور مثر بنایا جائے اور فول پروف اقدامات و حکمت عملی کے تحت شاہراہوں پر پیٹولنگ رینڈم اسنیپ چیکنگ کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ مغویوں کی بازیابی کے حوالے سے انکے اہل خانہ کیساتھ مستقل روابط کا میکنزم ترتیب دیا جائے۔

آئی جی سندھ نے کہا کہ علاقہ عوام کو اعتماد میں لیکر انکی مدد اورمعاونت سے کچہ سے پکہ علاقوں میں آنے والوں پر کڑی نگاہ رکھنے کے ہر ممکن اقدامات کیئے جائیںانہوں نے کہا کہ کچہ میں ڈاکوں کے خلاف اقدامات میں دیگر تمام اسٹیک ہولڈرز,قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو بھی آن بورڈ لیا جائے اور انکی تجاویز,مشاورت اور معاونت پر خصوصی توجہ دی جائے۔