کچے کے ڈاکوئوں کے خلاف غیرمعمولی حکمت عملی اختیار کرنا ہوگی، آئی جی سندھ

جمعرات 28 مارچ 2024 21:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2024ء) آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی زیر صدارت سندھ میں کچے کے ڈاکوئوں کے خلاف آپریشن میں یقینی کامیابی کے لئے غیر معمولی حکمت عملی اور لائحہ عمل اختیار کرنے اور فیصلوں پر عمل درآمد کے حوالے سے جملہ امور و اقدامات پر بات چیت کی گئی اور اس ضمن میں قرار واقعی اور نتیجہ خیز اقدامات کو سامنے رکھتے ہوئے فیصلے کئے گئے۔

جمعرات کو جاری اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں شریک ڈی آئی جی سکھر،ایس ایس پیز،گھوٹکی،سکھر،شکارپور اور کشمور، کندھ کوٹ نے ویڈیو لنک کے ذریعے کچہ ایریا کے ڈاکوئوں کے خلاف غیر معمولی حکمت عملی و انٹیلی جینس بیسڈ آپریشنز جیسے اقدامات کے نتائج اور کامیابی پر علیحدہ علیحدہ بریفنگ دی اور آپریشن کی متفقہ طور پر تائید و توثیق کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سی پی ایل سی چیف زبیر حبیب بھی موجود تھے۔

آئی جی سندھ نے کہا کہ کچے کے ایریا میں ڈاکوئوں کے خلاف منظم کارروائیوں اور مغویان کی صحیح سلامت بازیابی کے لئے سی پی ایل سی سے ٹیکنیکل سپورٹ کو بھی ممکن بنایا جائے گا اور اس حوالے سے پولیس اور سی پی ایل سی کا اشتراک یقینا مفید اور ثمر آور ثابت ہوگا۔آئی جی سندھ نے کہا کہ کچہ ایریاز میں تعینات پولیس اہلکاروں کو 10000 روپے ماہانہ الائونس کی فراہمی کے تمام تر اقدامات کرلئے گئے ہیں چونکہ یہ الائونس صرف اور صرف کچہ ایریاز کے اہلکاروں کے لئے ہے لہذا اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ یہ الائونس کسی گارڈ یا گن مین یا دیگر سٹاف کو نہیں دیا جائیگا، بصورت دیگر تمام تر ذمہ داری متعلقہ ایس ایس پیز پر عائد کی جائیگی ۔

آئی جی سندھ نے کہا کہ سندھ میں موجود کچہ ایریاز سے شہریوں کو جھانسے اور لالچ سے ہنی ٹریپ کا شکار بنانا پولیس اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے لئے بڑا چیلنج ہے۔ ملک بھر سے معصوم شہریوں کو سوشل میڈیا کے ذریعے نوکری،کاروبار،رشتہ،پیسہ اور سستی گاڑی وغیرہ کا لالچ دیکر کچہ ایریاز میں بلوانا اور مغوی بناکر انکے اہل خانہ سے بھاری تاوان کا مطالبہ کرنیوالے ڈاکوئوں اور ان کے سرپرستوں کو ہمیں باہم روابط،موثر و مستند انٹیلی جینس کی بدولت کیفرکردار تک پہنچانا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات کے سدباب کے لئے سندھ کے کچہ ایریاز میں قائم پولیس چیک پوسٹس کو مزید فعال اور موثر بنایا جائے اور فول پروف اقدامات و حکمت عملی کے تحت شاہراہوں پر پیٹولنگ رینڈم سنیپ چیکنگ کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ مغویوں کی بازیابی کے حوالے سے انکے اہل خانہ کیساتھ مستقل روابط کا میکنزم ترتیب دیا جائے۔