عوام تک معیاری و صحت بخش خوراک کی فراہمی بی ایف اے کا مشن ہے،ڈی جی بلوچستان فوڈ اتھارٹی

جمعرات 28 مارچ 2024 22:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2024ء) ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی ( بی ایف اے )محمد نعیم بازئی نے کہا ہے کہ عوام تک معیاری و صحت بخش خوراک کی فراہمی بی ایف اے کا مشن ہے، اس مقصد کے حصول کے لیے بلوچستان فوڈ اتھارٹی مسلسل مصروف عمل ہے جبکہ کوئٹہ سٹی کے مختلف مقامات پر فری ملک اور کوکنگ آئل ٹیسٹنگ سروس کے تحت دودھ و خوردنی تیل کے معیار کا جائزہ بھی لیا جارہا ہے۔

ڈائریکٹر جنرل بی ایف اے کے مطابق ماہ رمضان المبارک کیلئے اتھارٹی حکام خصوصی انسپیکشن پلان کے تحت صوبہ بھر کے مختلف اضلاع میں خوراک کے مراکز، فیکٹریوں اور فوڈ پراسیسنگ یونٹس کی تواتر سے چیکنگ کررہے ہیں۔انہوں نے اس سلسلے میں عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ اگر وہ اپنے اردگرد کھانے پینے کی اشیاءمیں کسی بھی قسم کی ملاوٹ پائیں یا مضر صحت و ملاوٹی خوراک کی فروخت دیکھیں تو فوراً بلوچستان فوڈ اتھارٹی کو اطلاع دیں تاکہ صحت دشمن عناصر کے خلاف بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیمیں رمضان المبارک کے ابتدا سے ہی ناقص خوراک کی فروخت کے خلاف صوبہ بھر کے مختلف چھوٹے بڑے شہروں میں متحرک ہیں۔ ناقص خوراک کی فراہمی کے خلاف اتھارٹی کی جاری کاروائیوں کے دوران گزشتہ روز کوئٹہ میں 1 نمکو کارخانہ جبکہ پشین میں 1 بیکنگ یونٹ کو سربمہر جبکہ مذکورہ اضلاع سمیت مستونگ، ژوب اور پنجگور میں 35 متفرق خوراک کے مراکز مالکان پر جرمانے عائد کیے گئے.کاروائیوں کے دوران زائد المعیاد مصنوعات، پابندی عائد اشیاءاور خراب کوکنگ آئل کی بڑی مقدار کو تلف کیا گیا۔