غ*قتل کے مقدمہ میں مطلوب بیرون ملک مفرور ایک اور خطرناک اشتہاری کویت سے گرفتار

ٴْرواں برس بیرون ملک سے گرفتار اشتہاری مجرمان کی مجموعی تعداد 25 ہو گئی۔ ترجمان پنجاب پولیس

جمعرات 28 مارچ 2024 22:30

گ*لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 مارچ2024ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انو رکی ہدایت پر بیرون ملک مفرور خطرناک اشتہاری مجرمان کی گرفتاریوں کیلئے کریک ڈائون جاری ہے اسی سلسلے میں سپیشل آپریشن سیل گوجرانوالہ کی ٹیم نے قتل کے مقدمہ میں مطلوب بیرون ملک مفرور ایک اور خطرناک اشتہاری کو کویت سے گرفتار کر لیا جس کے بعد رواں برس بیرون ملک سے گرفتار اشتہاری مجرمان کی مجموعی تعداد 25 ہو گئی ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ اشتہاری مجرم افتخار علی نے گذشتہ برس تھانہ لالہ موسی گجرات کے علاقہ میں شہری کو فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا، مجرم بعد ازاں روپوش ہوکر بیرون ملک فرار ہوگیا، پنجاب پولیس نے انٹرپول سے ریڈ نوٹس جاری کرواکر ملزم کو گرفتار کیا، قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد اشتہاری کی کویت سے ایسٹراڈیشن کروائی گئی ، ائیر پورٹ پر گجرات پولیس نے اشتہاری مجرم افتخار علی کو حراست میں لے لیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے کویت سے خطرناک اشتہاری گرفتار کرنے پر سپیشل آپریشن سیل پولیس کو شاباش دی ۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ قانونی کاروائی مکمل کرتے ہوئے ملزم کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے۔