لیاقت بلوچ کی چینی سفارت خانے آمد، دہشت گرد حملے میں ہلاکتوں پر صدمہ اور دکھ کا اظہار

جمعرات 28 مارچ 2024 22:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 مارچ2024ء) قائم مقام امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے اسلام آباد میں چین کے سفارت خانے جاکر چینی انجینئرز کی دہشت گرد حملے میں ہلاکتوں پر صدمہ اور دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ دونوں دیرینہ دوست ملکوں کے مشترکہ دشمن کی انسانیت دشمن کارروائی ہے۔ پاک-چین دوستی ہمیشہ قائم رہے گی۔ 25 کروڑ پاکستانی چینی عوام کے دُکھ درد میں برابر کے شریک ہیں۔

وفد میں نائب امیر ڈاکٹر فرید احمد پراچہ اور ڈائریکٹر شعبہ امور خارجہ جماعت اسلامی آصف لقمان قاضی بھی شامل تھے۔

(جاری ہے)

لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ چین اور پاکستان کے تعلقات گہرے اور پائیدار ہیں، جماعت اسلامی 25کروڑ پاکستانیوں کے جذبات کے ساتھ چین کے عوام اور قیادت سے تعزیت کا اظہار کرتی ہے۔ المناک واقعہ کے مجرموں کو سزا دینا حکومت پاکستان کی ذمہ داری ہے۔ لیکن یہ امر واضح ہے کہ پاک چین دوستی کا دشمن ہمارا مشترکہ دشمن ہے، دشمن یہ دوستی ختم نہیں کر سکتا۔ قبل ازیں سفارت خانے کے منسٹر قونصلر یانگ نوو نے لیاقت بلوچ اور وفد کا استقبال کیا ۔ انھوں نے اظہار یکجہتی پر جماعت اسلامی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کوئی طاقت پاک چین دوستی میں دراڑ نہیں ڈال سکتی۔