چوہدری شافع حسین سے ترکیہ قونصل جنرل کی ملاقات، تجارتی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا

جمعرات 28 مارچ 2024 23:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2024ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے ترکیہ کے قونصل جنرل درمش باشتو نے ملاقات کی،پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کمیٹی روم میں ہونے والی ملاقات کے دوران پنجاب اور ترکیہ کے مابین تجارتی تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا، ترکیہ کے قونصل جنرل نے چوہدری شافع حسین کو وزارت کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ پنجاب میں متعدد ترک کمپنیوں نے سرمایہ کاری کررکھی ہے اور یہاں سرمایہ کاری بڑھانا چاہتے ہیں۔

چوہدری شافع حسین نے کہا کہ ترک کمپنیاں پنجاب میں سولر پینلز، الیکٹرک وہیکلز اور ویسٹ سے بجلی بنانے کے پلانٹ لگائیں اور پنجاب کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں،ہرممکن سہولت دیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ برادر اسلامی ملک ترکیہ کی ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں، تجارتی تعاون بڑھانے کے لئے رابطوں اور ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکنیکل ایجوکیشن کے اداروں اور ان کی لیبز کو بہتر بنانا میراعزم ہے، ٹیکنیکل ایجوکیشن کے فروغ میں بھی ترکیہ تعاون فراہم کرسسکتا ہے۔ صوبائی وزیر نے ترک کمپنیوں کے مسائل کے حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ پنجاب اور وفاق سے متعلقہ ترک سرمایہ کار کمپنیوں کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔ملاقات میں دوطرفہ تجارتی تعاون، ترک کمپنیوں کے مسائل اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا، سی ای او پنجاب سرمایہ کاری بورڈ جلال حسن بھی اس موقع پر موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :