سعودی عرب میں زبردست بارشوں کی پیشن گوئی

28 مارچ سے یکم اپریل تک مملکت کے بیشترعلاقوں میں بارش کی پیشنگوئی، محکمہ شہری دفاع نے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کر دی

muhammad ali محمد علی جمعرات 28 مارچ 2024 23:29

سعودی عرب میں زبردست بارشوں کی پیشن گوئی
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 مارچ2024ء) سعودی عرب میں زبردست بارشوں کی پیشن گوئی، 28 مارچ سے یکم اپریل تک مملکت کے بیشترعلاقوں میں بارش کا امکان، محکمہ شہری دفاع نے ایڈوائزری جاری کر دی۔ تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک کے تیسرے عشرے کے آغاز پر سعودی عرب کے بیشتر علاقوں میں زبردست بارشوں کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ سعودی میڈیا کے مطابق کئی علاقوں میں موسلادھار بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا بھی خدشہ ہے، اسی باعث محکمہ دفاع نے شہریوں کو محتاط رہنے کی تلقین کی ہے۔

سعودی عرب کے محکمہ موسمیات کے مطابق 28 مارچ سے یکم اپریل تک مملکت کے بیشتر علاقے بارشوں کی زد میں ہوں گے۔ بارش اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے جبکہ کچھ علاقوں میں بارش سے قبل گرد آلود ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔

(جاری ہے)

سعودی محکمہ موسمیات کے مطابق مملکت کے جو علاقے بارشوں اور آندھی طوفان کی زد میں آئیں گے ان میں مکہ مکرمہ، الجموم، الکامل، بحرہ، خلیص، طائف، میسان، اضم، العرضیات، تربہ، رنیہ، المویہ، الخرمہ، ریاض، الدرعیہ، عفیف، الدوادمی، القویعیہ، المجمعہ، ثادق، مرات، الغاط، الزلفی، شقراء، رماح، حریملاء، ضرماء، المزاحمیہ، الخرج، وادی الدواسر، السلیل، الافلاج، حوطہ بنی تمیام، الحریق، کے علاوہ جازان، عسیر، الباحہ، مدینہ منورہ، تبوک، الجوف، حدود شمالیہ، حائل الشرقیہ، قصیم ، جدہ، رابغ، اللیث، القنفذہ، جازان ریجن ، نجران اور الشرقیہ ریجنز شامل ہیں۔

شہریوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ غیر معمولی موسمی صورتحال میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں، غیر ضروری سفر سے گریز کیا جائے۔ واضح رہے کہ مارچ کے اختتام اور اپریل کے آغاز میں سعودی عرب کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم ہو جاتا ہے، تاہم بارشوں کے باعث مملکت میں اگلے ایک ہفتے کے دوران موسم قدرے خوشگوار رہنے کا امکان ہے۔