ایکواڈور کی جیل میں ہنگامہ آرائی،3 افراد ہلاک، 6زخمی

جمعہ 29 مارچ 2024 10:50

کویٹو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مارچ2024ء) ایکواڈور کے ساحلی شہرگوایاکوئل کی جیل میں ہنگامہ آرائی کے دوران 3 قیدی ہلاک اور 6زخمی ہو گئے۔ اے ایف پی کے مطابق ملک کی جیل ایجنسی ایس این اے آئی نے ایک بیان میں کہا کہ جیل میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ تصادم کے دوران 3قیدی ہلاک اور 6زخمی ہوگئے،تاہم سکیورٹی اہلکاروں نے جیل پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔

ایکواڈور کے صدر ڈینیئل نوبوا نے گزشتہ روز ایکس (سابق ٹویٹر )پر کہا کہ سکیورٹی فورسز نے تشدد میں ممکنہ اضافہ کو روک دیا ہے۔ نومبر میں ڈینیئل نوبوا کے اقتدار سنبھالنے کے بعد یہ کسی جیل میں قیدیوں کی پہلی ہنگامہ آرائی ہے۔ گزشتہ روز تقریباً 200 قیدیوں کے رشتہ داروں نے جیل کے قریب ٹریفک کو روکنے کے لیے ٹائر جلائے، فوج کی طرف سے قیدیوں کے ساتھ مبینہ بدسلوکی کے خلاف احتجاج کیا ۔

(جاری ہے)

جنوری میں اس جیل سے اڈولفو ’’فیٹو‘‘ میکیاس ، جو ملک کے سب سے طاقتور گروہوں میں سے ایک کا سرغنہ ہے، کے جیل سے فرار ہونے کے بعد صدر نے ہنگامی حالت نافذ کر دی جس میں اپریل تک توسیع کر دی گئی ہے ۔نائب سکیورٹی وزیر لیونل کالڈرون نے کہا کہ ملک میں پر تشدد واقعات میں حالیہ اضافہ 21 اپریل کو ہونے والے ریفرنڈم سے قبل ملک کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کا حصہ تھا ۔

متعلقہ عنوان :