لاہور صادق آباد جی ٹی روڈ پر جہانیاں کے قریب مسافر بس الٹ گئی،ایک شخص جاں بحق 20سے زائد مسافر زخمی

جمعہ 29 مارچ 2024 11:05

جہانیاں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2024ء) لاہور صادق آباد جی ٹی روڈ پر جہانیاں کے قریب مسافر بس الٹ گئی،ایک شخص جاں بحق 20سے زائد مسافر زخمی ہو گئے ،ریسکیو ٹیموں نے زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا ،بس لاہور سے برآستہ جہانیاں بہاول پور جا رہی تھی،حادثہ تیز رفتاری کے باعث ٹائر برسٹ ہونے اوربس کے پول سے ٹکرانے سے پیش آیا۔

تفصیل کے مطابق لاہور صادق آباد جی ٹی روڈ پر جہانیاں کے نزدیک مسافر بس تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہو کر پول سے ٹکرا کر الٹ گئی جس کے نتیجے میں صادق آباد کا رہائشی بائیس سالہ ارسلان مقصود نامی مسافر جاں بحق ہو گیا جبکہ مردو خواتین سمیت20سے زائد مسافر زخمی ہو گئے جنہیں ریسکیوٹیموں نے ٹی ایچ کیو ہسپتال جہانیاں منتقل کر دیا ،حادثہ میں زخمی ہونے والے مردوخواتین مسافروں کا تعلق بہاول پور،صادق آباد،صوابی،اسلام آباد،مبارک پور،رحیم یار خان،خان پور اور دیگر علاقوں سے ہے۔

(جاری ہے)

چار شدید زخمی مسافروں کو تشویشناک حالت میں نشتر ہسپتال ملتان منتقل کر دیا گیا ۔بتایا جاتا ہے کہ نجی کمپنی کی مسافر بس لاہور سے برآستہ جہانیاں بہاول پور جا رہی تھی جس کا ٹائر برسٹ ہو گیا اور بس پوس سے ٹکرا کر الٹ گئی۔ریسکیو آپریشن میں ریسکیو1122جہانیاں اور ٹبہ سلطان پور کی ایمبولینسز نے حصہ لیا ۔