سانگھڑ پولیس کا بین الاضلاعی گینگ سے مقابلہ، 3 ڈکیت گرفتار

جمعہ 29 مارچ 2024 12:50

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مارچ2024ء) سانگھڑ پولیس نے رات گئے بین الاضلاعی ڈکیت گینگ سے مقابلے کے بعد ڈکیت ہمت علی جکھرانی کو دیگر دو ساتھیوں سمیت زخمی حالت میں گرفتارکر لیا۔ ملزمان سے 3 ٹی ٹی پسٹل، ایک موٹر سائیکل، چھینا گیا ٹریکٹر اور تھریشر بھی برآمد کر لئے گئے ہیں۔ ملزماننے بینک ڈکیتی کرنے کا بھی اعتراف کیا ہے۔

دوران پیٹرولنگ، سنجھورو دلور سم نالہ موری کے قریب، ایس ایچ او جھول نبی بخش جلبانی اور ان کی ٹیم کا سامنا، چھ مسلح ملزمان سے ہوگیا۔ پولیس کو دیکھ کر ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی جس پر ملزمان کو گھیر کر مزید نفری طلب کرلی گئی، پولیس مقابلے اور فائرنگ کے تبادلے کے بعد تین مسلح ڈکیت گرفتار کر لیے گئے۔ ملزمان کے قبضے سے 3 ٹی ٹی پسٹل اور گولیاں برآمد ہوئی ہیں۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ ملزمان سے جھول رہزنی کے مقدمے میں چھینا جانے والا ایک ٹریکٹر بمعہ تھریشر اور ایک موٹرسائیکل بھی برآمد ہوئی ہے۔ گرفتار ملزمان میں ہمت علی جکھرانی زخمی حالت میں، وسیم بلیدی سکنہ شکارپور اور شرف الدین جکھرانی جیکب آباد شامل ہیں۔ جبکہ ان کے دیگر تین ساتھی حاجی گل حسن جکھرانی سکنہ جیکب آباد، نظیر جکھرانی اور میر حسن جکھرانی سکنہ گوٹھ جمعہ لغاری تعلقہ سنجھورو اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پولیس کے گھیرے سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

زخمی ڈکیت کو طبی امداد کے لیے ہسپتال روانہ کر دیا گیا ہے جبکہ فرار ہونے والے ڈکیتوں کی گرفتاری کے لیے پولیس کی ٹیمیں چھاپے مار رہی ہیں۔ گرفتار ملزمان نے کرکلی میں بینک ڈکیتی کرنے کا بھی اعتراف کیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ چھینا ہوا ٹریکٹر اور تھریشر دوسری جگہ منتقل کررہے تھے کہ پولیس سے سامنا ہوگیا۔ گرفتار ملزمان کے خلاف ڈکیتی، رہزنی، پولیس مقابلے اور ناجائز اسلحہ رکھنے کی دفعات کے تحت مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ گرفتار ملزمان سے تفتیش کی جارہی ہے اور ان کا دیگر اضلاع سے بھی کریمنل ریکارڈ جمع کیا جا رہا ہے۔