بھارت،کھانا اچھا نہ بنانے پر دادی پر تشدد، ویڈیو وائرل

پوتے اور اس کی بیوی نے بزرگ خاتون کوبے دردی سے ماراپیٹا،ملزمان گرفتار

جمعہ 29 مارچ 2024 13:19

بھارت،کھانا اچھا نہ بنانے پر دادی پر تشدد، ویڈیو وائرل
بھوپال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2024ء) بھارت کے شہر بھوپال میں ایک شخص اور اس کی بیوی کو بوڑھی دادی پربہیمانہ تشدد کرنے پر گرفتار کرلیا گیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ملزمان نے مبینہ طور پر بزرگ خاتون کو ان کا پسندیدہ کھانا نہ بنانے پرمارا پیٹا جس کی ویڈیو جوڑے کے پڑوسیوں نے ریکارڈ کرکے سوشل میڈیا پر وائرل کردی۔

(جاری ہے)

بھارتی میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیو میں جوڑے کو ایک بزرگ خاتون کو ڈنڈے اور ہاتھوں سے بے دردی سے مارتے پیٹتے دیکھا جاسکتا ہے، ویڈیو میں موجود متاثرہ بزرگ کی شناخت اس شخص کی دادی کے طور پر ہوئی ہے۔

ویڈیو میں دیکھاجاسکتا ہے کہ بے رحم شخص نے ضعیف خاتون کے کو گلے میں ہاتھ ڈال کر پکڑا ہوا ہے، اس شخص کا ہاتھ خاتون کے منہ پر ہے تاکہ خاتون کی چیخ وپکار کو روکا جاسکے جب کہ ویڈیو میں بیڈ پر بیٹھی عورت بزرگ خاتون کو ڈنڈے مارتی دیکھی گئی۔ویڈیو وائرل ہونے کے بعد جوڑے نے بھوپال سے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے میاں بیوی کودھرلیا، ملزمان کی شناخت دیپک سین اور اس کی بیوی کی پوجا سین کے طور پر کی گئی ہے۔