کراچی: چائنا کٹنگ کے ذریعے قبضہ کی گئی زمین پر تعمیر مکانات، دکانوں کو ریگولرائز کرنے کا منصوبہ

جمعہ 29 مارچ 2024 16:48

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2024ء) سندھ حکومت نے کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی(کے ڈی ای)کی غیر قانونی طور پر چائنا کٹنگ کے ذریعے قبضہ کی گئی زمین پر تعمیر کردہ گھروں، دکانوں کو ریگولرائز کرنے کا عندیہ دے دیاہے۔رپورٹ کے مطابق چائنا کٹنگ کی گئی ان زمینوں پر پہلے ہی ہزاروں افراد چھوٹے پلاٹوں پر تعمیر کردہ مکانات میں پہلے ہی رہائش پذیر ہیں، یہ پلاٹس 120 مربع گز سے کم رقبے کے ہیں۔

ایف آئی اے اورنیب نے 2015 میں تحقیقات کی تھیں کہ چائنا کٹنگ کے ذریعے سرکاری زمین پر قبضہ کیا گیا ہے، لیکن کوئی معنی خیز کارروائی نہیں کی گئی تھی کیونکہ ان میں عام افراد ملوث ہیں، جنہوں نے یہ پلاٹس منظم گرہوں سے خریدے تھے۔یہ معاملہ وزیر بلدیات سعید غنی کے ساتھ کے ڈی ای انتظامیہ کی گزشتہ روز ہونے والی ملاقات میں بھی زیر بحث آیا۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ وزیر بلدیات نے سرکاری زمین پر قبضے کے حوالے سے خدشات کا اظہار کیا اور حکام کو ہدایت کی کہ وہ تمام اسٹیک ہولڈرز کے لیے قابل قبول پالیسی مرتب کریں۔

انہوں نے بتایا کہ ہزاروں مکانات اور دکانیں تعمیر ہونے کے سبب یہ تقریبا ناممکن ہے کہ زمین کو خالی کرایا جاسکے، لہذا عمارتوں کو ریگولرائز کرنے کے معاملے پر اجلاس میں غور و خوض کیا گیا۔ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں زیرقبضہ زمین کو جرمانہ عائد کر کے ریگولرائز کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا تاکہ کے ڈی اے کے لیے کم از کم کچھ فنڈز حاصل کیا جاسکے۔انہوں نے بتایا کہ کے ڈی اے نے شہر کے مختلف حصوں میں 139 پارکوں کے لیے ترقیاتی فنڈز کی بھی درخواست کی۔ذرائع نے بتایا کہ پارکس کو نان گورنمنٹ آرگنائزیشنز(این جی اوز) کے حوالے کرنے کی تجویز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :