سندھ ہائی کورٹ ، صنعتوں کو فراہم کی جانے والی گیس کی قیمتوں میں اضافے کے نوٹیفکیشن کے اطلاق کی درخواست پر دو نوٹیفکیشن معطل

جمعہ 29 مارچ 2024 16:48

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2024ء) سندھ ہائی کورٹ نے صنعتوں کو فراہم کی جانے والی گیس کی قیمتوں میں اضافے کے نوٹیفکیشن کے اطلاق کی 400سے زائدصنعتوں کی درخواست پر دو نوٹیفکیشن معطل کردیئے۔جمعہ کو سندھ ہائی کورٹ میں صنعتوں کو فراہم کی جانے والی گیس کی قیمتوں میں اضافے کے نوٹیفکیشن کے اطلاق کے تنازع سے متعلق چار سو سے زائد صنعتوں کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

(جاری ہے)

درخواست گزار نے موقف اختیار کرتے ہوئے بتایا کہ اوگرا نے صنعتوں کو فراہم کی جانے والی گیس کی قیمتوں میں اضافے کا پہلا نوٹیفکیشن 15 نومبر 2023 کو جاری کیا تھا۔گیس کی قیمتوں میں اضافے کی وصولی یکم نومبر 2023 سے شروع کردی گئی تھی۔صنعتی گیس کی قیمتوں میں اضافے کا دوسرا نوٹیفکیشن 8 فروری کو جاری ہوا تھا۔وکیل درخواست گزار نے کہا کہ دوسرے نوٹیفکیشن کے مطابق اضافی قیمتوں کی وصولی یکم فروری 2024 سے شروع کردی تھی۔نوٹیفکیشن کے اجتماع سے قبل اضافی قیمتیں وصول کرنا غیر قانونی ہے عدالت نے دونوں نوٹیفکیشن معطل کرتے ہوئے کہا کہ وصولی اس وقت ہوگی جب نوٹیفکیشن کا اندراج ہوگا۔