پی آئی اے کی فضائی میزبان ٹورنٹو ائیرپورٹ پرزیرحراست

حنا ثانی نامی ائیرہوسٹس سے مبینہ طور پر غیر متعلقہ پاسپورٹ برآمد ہوئے جس کے باعث حراست میں لیا گیا،ذرائ

جمعہ 29 مارچ 2024 16:52

پی آئی اے کی فضائی میزبان ٹورنٹو ائیرپورٹ پرزیرحراست
ٹورنٹو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2024ء) قومی ائیر لائن پی آئی اے کی لاہور سے ٹورنٹو کی پرواز پر تعینات خاتون فضائی میزبان کو ٹورنٹو ائیرپورٹ پر حراست میں لے لیا گیا۔ذرائع کے مطابق پی کے 789 پر تعینات حنا ثانی نامی ائیر ہوسٹس سے مبینہ طور پر غیر متعلقہ پاسپورٹ برآمد ہوئے جس کے بعد انھیں حراست میں لے لیا گیا۔زیر حراست ائیر ہوسٹس معروف پاکستانی گلوکارہ کی عزیزہ ہیں اور خود بھی سوشل میڈیا ماڈلنگ کرتی ہیں۔

خیال رہے کہ اپنے پاسپورٹ کے علاوہ دیگر افراد کے پاسپورٹس کے ساتھ سفر کرنا بین الاقوامی جرم ہے۔ذرائع کے مطابق مذکورہ ائیر ہوسٹس کو پہلے بھی ممنوعہ اشیاکینیڈا لانے پر وارننگ دی گئی تھی۔ذرائع کے مطابق پرواز 789 پر حنا ثانی کے ہمراہ 7 اور فضائی میزبانوں کو بھیجا گیا جن کو ٹورنٹو کیلئے ائیر لائن نے نو فلائی ڈکلیئر کیا ہوا تھا، اس عملے کی خصوصی اجازت ڈی جی ایم فلائیٹ سروسز نے اپنی آئی ڈی سے دی جو روٹین سے ہٹ کر قدم ہے، پرواز پر تعینات دیگر دو ائیر ہوسٹسز سے پوچھ گچھ کے بعد کینیڈین حکام نے انھیں ہوٹل جانے کی اجازت دے دی۔

(جاری ہے)

واقعے سے متعلق متعلق پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ خان کا کہنا ہے کہ واقعے کے بارے میں آگاہ ہیں اور کینیڈین حکام سے رابطے میں ہیں،کینیڈین حکام کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے گا اور کسی بھی قسم کی قانونی کارروائی پر عمل کیا جائے گا۔