پی ٹی آئی رہنما عامر ڈوگر کو عمرہ ادائیگی پر سعودیہ جانے کی اجازت

جمعہ 29 مارچ 2024 20:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مارچ2024ء) اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامرفاروق کی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما عامر ڈوگر کو عمرہ ادائیگی پر سعودیہ جانے کی اجازت دیتے ہوئے کہا کہ عامر ڈوگر 3 اپریل سے 9 اپریل تک عمرہ ادائیگی کے لیے بیرون ملک جا سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

جمعہ کے روز عامر ڈوگر کی درخواست پر سماعت کے دوران پٹیشنر اپنے وکیل علی بخاری ایڈوکیٹ کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئےاور موقف اختیار کیاگیا کہ ان کے موکل عمرہ ادائیگی کے لیے بیرون ملک جانا چاہتے ہیں، عدالت سے استدعا ہے کہ اجازت دے ۔

عدالت نے استدعا منظور کر لی۔ عدالت کی جانب سے کسی بھی لسٹ میں نام ہونے کے باوجود عامر ڈوگر کو ایک بار بیرون ملک جانے کی اجازت دی گئی عدالت نے آرڈر میں لکھوایا کہ عامر ڈوگر 3 اپریل سے 9 اپریل تک عمرہ ادائیگی کے لیے بیرون ملک جا سکتے ہیں ، وہ ڈپٹی رجسٹرار کے پاس اپنا بیان حلفی جمع کرائیں کہ عمرہ کی ادائیگی کے بعد واپس آئیں گے،کیس کی مزید سماعت 22 اپریل کو ہو گی۔