کراچی ایئرپورٹ سے جعلی دستاویزات پر بیرون ملک جانیوالے 2مسافر گرفتار،ان کی نشاندہی پر 4ایجنٹس بھی گرفتار

جمعہ 29 مارچ 2024 21:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2024ء) وفاقی تحقیقاتی اداری(ایف آئی ای)امیگریشن کے عہدیداروں نے کراچی ایئرپورٹ سے جعلی سفری دستاویزات پر بیرون ملک جانے والے 2 مسافروں اور 4 ایجنٹس کو گرفتار کرلیا۔ایف آئی اے کے ترجمان نے بتایا کہ جناح ٹرمینل پر تعینات عملے نے جعلی سفری دستاویزات پربیرون ملک جانے کی کوشش نام بنادی اور کارروائی کے دوران 2 مسافروں کو گرفتار کرلیا اور ان کی نشان دہی پر ایئرپورٹ کے احاطے سے 4 ایجنٹس کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔

(جاری ہے)

ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزمان زین العابدین اور علی رضا اسپین جا رہے تھے اور ان کے پاسپورٹس پرشینگن کے جعلی ویزے لگے ہوئے تھے، علی رضا کے پاسپورٹ پر برطانیہ کا جعلی ویزا بھی لگا ہوا تھا اور اس کے پاسپورٹ پر امیگریشن کی جعلی مہریں بھی لگی ہوئی تھیں۔انہوں نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان نے ایجنٹس سے 25 لاکھ روپے کے عوض مذکورہ ویزے حاصل کیے تھے، ملزمان کی نشان دہی پر ایئرپورٹ کے احاطے سے 4 ایجنٹوں کو بھی گرفتار کرلیا گیا، جن میں صابر اقبال، محمد ثاقب، محمد اجمل اور محمد وقاص شامل ہیں۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی منتقل کردیا گیا ہے۔