اسلام آبادہائیکورٹ،سکولوں کے نصاب میں ناظرہ قرآن شامل کرنے کی انٹرا کورٹ اپیل نمٹا دی گئی

ہفتہ 30 مارچ 2024 13:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مارچ2024ء) سکولوں کے نصاب میں ناظرہ قرآن شامل کرنے پر انٹرا کورٹ اپیل نمٹا دی گئی۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے سکولوں کے نصاب میں ناظرہ قرآن شامل کرنے پر انٹرا کورٹ اپیل نمٹا دی۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس سردار اعجاز اسحاق نے فیصلہ سنایا۔سید مسعود حسن گیلانی نے سنگل بینچ کے فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل دائر کی تھی۔

(جاری ہے)

اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا کہ وزارت تعلیم سے پوچھا کیا ایکٹ 2017 کے تحت لازمی قرآنی تعلیم کو نصاب میں شامل کیا بتایا گیا کہ قرآنی تعلیم کو نصاب میں شامل کر لیا گیا ہے۔عدالت نے کہاکہ قومی نصاب کونسل سیکریٹریٹ نے ناظرہ قرآن اور قرآن پاک کے ترجمے کیلئے این او سی جاری کیے، اسلام آباد پرائیویٹ ایجوکیشن اتھارٹی نے نجی تعلیمی اداروں کو بھی عمل درآمد کیلئے خطوط لکھے، وزارت تعلیم کے ڈپٹی ڈائریکٹر لیگل نے کتابوں کے سات والیمز بھی جمع کرائے۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہاکہ یہ کورسز اردو، انگریزی اور سندھی زبان میں طلبا کیلئے چھاپے گئے ہیں،گریڈ ون سے فائیو تک قرآن پاک کی تعلیم نصاب میں شامل کی گئی، گریڈ 6سے 12تک قرآن پاک کا ترجمہ نصاب میں شامل کیا گیا۔