ملک میں صوبائی سطح پر کھیلوں کی ترقی کے لئے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے، نور احمد رند

اتوار 31 مارچ 2024 10:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مارچ2024ء) بلوچستان جوڈو ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری نور احمد رند نے کہا ہے کہ ملک میں صوبائی سطح پر کھیلوں کی ترقی کے لئے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نےگزشتہ روز یوم پاکستان کے سلسلہ میں جوڈو چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب کے بعد ابرار ہال، ایوب سٹیڈیم کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں گراس روٹ سطح پر جوڈو کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور اس ٹیلنٹ کو بروئے کار لانے کے لئے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے جوڈو کے کھیل میں بین الاقوامی سطح پر بے پناہ میڈلز حاصل کر رکھے ہیں۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں نور احمد رند نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں جوڈو کے کھیل مقابلے باقاعدگی سے منعقد ہو رہے ہیں اور ملک میں کوئی بھی کھیل حکومتی اور سپانسرز کی سرپرستی کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا، پرائیویٹ سیکٹرز کو کرکٹ کی طرح دوسرے کھیلوں پر بھی توجہ دینی چاہئے تاکہ دوسرے کھیل بھی ملک میں ترقی پا سکیں، یوم پاکستان کے سلسلہ میں سپورٹس فیسٹیول میں جوڈو چیمپئن شپ کے مقابلوں میں بلوچستان پولیس نےپہلی، تاجک ٹائیگرز اکیڈمی نے دوسری اور سخی میرو رند جوڈو اکیڈمی نے تیسری پوزیشن حاصل کی ہے۔