وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے یو اے ای کے سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزابی کی ملاقات

پیر 1 اپریل 2024 21:30

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اپریل2024ء) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزابی نے ملاقات کی۔وزیر دفاع نے متحدہ عرب امارات کی ترقی اور تبدیلی کے لئے شیخ خلیفہ بن زید النہیان کے وژن اور کوششوں کو سراہا۔

(جاری ہے)

معزز مہمان سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع نے دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا اور اہم علاقائی اور بین الاقوامی مسائل کے حوالے سے دونوں ممالک کے خیالات میں مماثلت کو سراہا۔ موجودہ تعاون پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے باہمی طور پر اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ دفاعی تعاون میں مزید اضافے کی گنجائش موجود ہے۔