ڈالرکی قدرکم ہونے سے درآمدات کی لاگت کم ہوگئی ہے،میا ں زاہد حسین

امپورٹرزعوام کولاگت کم ہونے کے فائدے سے محروم رکھ رہے ہیں،صدر کراچی انڈسٹریل الائنس

منگل 2 اپریل 2024 19:03

ڈالرکی قدرکم ہونے سے درآمدات کی لاگت کم ہوگئی ہے،میا ں زاہد حسین
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اپریل2024ء) نیشنل بزنس گروپ پاکستان کے چیئرمین، پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولزفورم وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدراورسابق صوبائی وزیرمیاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ روپے کی قدرمیں بہتری اورڈالرسستا ہونے سے درآمدی اشیاء کی لاگت کم ہوگئی ہے مگرعوام کواسکا فائدہ نہیں دیا جا رہا ہے جوافسوسناک ہے۔

امپورٹرزفائدہ عوام کومنتقل کرنے کے بجائے اپنی تجوریاں بھر رہے ہیں جس کا نوٹس لیا جائے۔ پٹرولیم مصنوعات کی درآمدی لاگت بھی کم ہوگئی ہے مگرپٹرول کی قیمت کم کرنے کے بجائے بڑھا دی گئی ہے جوحیران کن ہے۔ میاں زاہد حسین نے کاروباری برادری سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ درآمد کنندگان عالمی منڈی میں بہت سی اجناس سستی ہونے اورڈالرکی قدرمیں کمی کے باوجود عوام کواسکا فائدہ پہنچانے کے بجائے اپنی جیبیں بھرنے میں مصروف ہیں کیونکہ ملک میں قیمتوں کے کنٹرول کا نظام انتہائی ناقص ہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ سال ستمبرمیں ڈالر 307 روپے کا تھا جواب 278 روپے سے بھی کم ہوگیا ہے مگرعوام کواسکے فائدے سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ میاں زاہد حسین نے کہا کہ درآمدی گندم کی قیمت بھی کم ہوگئی ہے مگرعوام کوآٹا، نان، روٹی اورڈبل روٹی وغیرہ مہنگے داموں بیچی جا رہی ہے۔ گندم کی درآمدی قیمت کی طرح دالوں کی درآمدی قیمت اورچینی کی پیداواری لاگت بھی کم ہوئی ہے مگراس ضمن میں بھی عوام کو کوئی فائدہ نہیں دیا جا رہا ہے بلکہ منافع خوروں کوکھلی چھوٹ ملی ہوئی ہے جوافسوسناک ہے۔

بھارت نے پیازاورچاول کی برآمد پرپابندی لگا کراپنیعوام کوریلیف دینے کا سلسلہ شروع کررکھا ہے جس سے پاکستانی برآمد کنندگان اوراسمگلروں نے فائدہ اٹھایا اورضرورت سے زیادہ پیاز ملک سے باہربھجوانا شروع کردیا جسکی وجہ سے مقامی منڈی میں اسکی قیمت بہت زیادہ بڑھ گئی ہے مگراس سلسلہ میں بھی کوئی قابل ذکرقدم نہیں اٹھایا گیا ہے۔ اسی طرح پولٹری، بیف اورمٹن کی قیمتیں بھی مسلسل بڑھ رہی ہیں جس سے عوام کی پریشانی بڑھ رہی ہے مگرمنافع خوری کا یہ سلسلہ بلا روک ٹوک جاری ہے۔ میاں زاہد حسین نے مزید کہا کہ عید کی چھٹیوں کے دوران بارڈرزپرسیکورٹی نرم ہوجاتی ہے جس سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اسمگلرزاربوں روپے کا سامان لا کرڈمپ کردیتے ہیں۔ اس سلسلے کوروکنے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔