پنجاب اسمبلی میں صحافیوں کے لئے میڈیا ہال بجٹ سیشن سے قبل تیار ہوجائے گا‘ملک احمد خان

دو سو صحافیوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی ،جہاں وائی فائی سمیت تمام سہولیات میسر ہوں گی ‘اسپیکر پنجاب اسمبلی

منگل 2 اپریل 2024 22:03

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اپریل2024ء) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہاہے کہ پنجاب اسمبلی اجلاس کے دوران صحافیوں کو کوریج میں درپیش مسائل کے پیش نظر پانچ کروڑ روپے کی لاگت سے ایک بڑا میڈیا ہال تعمیر کیاجارہاہے جو بجٹ سیشن سے قبل تیار ہوجائے گاجس میں دو سو صحافیوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی ،جہاں وائی فائی سمیت تمام سہولیات میسر ہوں گی ۔

گذشتہ روز صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری اور سابق صدر معین اظہر نے پنجاب اسمبلی سپیکرچیمبر میں ملک محمد احمد خان سے ملاقات کی اور انھیں پنجاب اسمبلی سیشن کے دوران صحافیوںکودرپیش مشکلات سے آگاہ کیا۔ سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہاکہ جب تک یہ ہال تعمیر نہیں ہوتا صحافیوں کے بیٹھنے کے لئے اسمبلی کی نئی عمارت میں فوری طورپرکمرہ دیاجائے گااور اس سلسلے میں انھوں نے اسمبلی اسٹاف کو موقع پرہدایات بھی جاری کردیں جبکہ اسمبلی عمارت میں ہم ایک ممبرزلائونج بنارہے ہیں جہاںصرف اسمبلی ممبران اورصحافیوں کے علاوہ کسی کوداخلے کی اجازت نہ ہوگی۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہاکہ اسمبلی ہال کی پوری بلڈنگ کو وائی فائی کیاجارہاہے جبکہ پریس گیلری کی ہرسیٹ کے ساتھ ٹیبلٹ پی سی لگایاجارہاہے جہاں سے صحافی اپناپیشہ وارانہ کام احسن انداز میں کرسکیں گے۔ انھوں نے کہاکہ اس سے قبل بھی پنجاب اسمبلی کی پرانی عمارت میں ایک بڑا روم صحافیوں کو الاٹ کیاجاچکاہے جس میں تمام تر سہولیات میسر ہیں ۔ اس موقع پرانھوں نے پنجاب اسمبلی پریس گیلری کے صدر اخلاق باجوہ اور سیکرٹری خواجہ حسان احمد کی کاوشوں کی تعریف کی۔ اس موقع پر صدر ارشد انصاری اور سابق صدر معین اظہر نے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان اور وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کاشکریہ ادا کیا۔