پاکستان تحریک انصاف کا خیبر پختونخوا میں سینیٹ انتخاب ملتوی کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے فیصلے کے خلاف اعلیٰ عدلیہ سے رجوع کرنے کا فیصلہ

منگل 2 اپریل 2024 22:38

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 اپریل2024ء) پاکستان تحریک انصاف نے خیبر پختونخوا میں سینیٹ انتخاب ملتوی کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے فیصلے کے خلاف اعلیٰ عدلیہ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان تحریک انصاف کے مطابق خیبر پختونخوا میں سینیٹ الیکشن ملتوی کرنا ریاستی سرپرستی میں عوام کے مینڈیٹ پر ڈالے جانے والے ڈاکے کے شرمناک منصوبے کا تسلسل ہے ترجمان کے مطابق تحریک انصاف کی مخصوص نشستیں چھین کر دوسری جماعتوں کو خیرات میں دینے والے الیکشن کمیشن نے سینیٹ انتخاب ملتوی کر کے اپنی بدنیتی کا واضح ثبوت پیش کیا ہے، ترجمان کے مطابق قومی و صوبائی اسمبلیوں میں مخصوص نشستوں پر منتخب اراکین کے بغیر حکومت اور ریاست کے سربراہان کا انتخاب کرانے کے بعد مخصوص نشستوں کو جواز بنا کر سینیٹ الیکشن ملتوی کرنا مضحکہ خیز ہے،ترجمان کے مطابق ایک سیاسی جماعت کو انتخابی نشان کے جائز حق سے محروم کرنے سے لے کر ووٹ کی بے حرمتی تک الیکشن کمیشن کی مجرمانہ سہولتکاری قوم کے سامنے عیاں ہے،ترجمان کے مطابق تحریک انصاف کو قومی و صوبائی سطح پر ان کی جیتی گئی آئینی نشستوں سے محروم کرنے کے بعد سینیٹ میں پارٹی پوزیشن متاثر کرنے کی سازش رچائی جا رہی ہے ترجمان کے مطابق تحریک انصاف الیکشن کمیشن کے آئینی و جمہوری اصولوں کے منافی کسی بھی اقدام کو قبول نہیں کرے گی ترجمان کے مطابق عوامی مینڈیٹ پر شب خون کے مرکزی کردار چیف الیکشن کمشنر کے اس فیصلے کو مسترد کرتے ہیں اور اس کے خلاف عدالت سے رجوع کریں گے ترجمان کے مطابق وقت آگیا ہے کہ ملک کو مینڈیٹ چور جعلی حکمرانوں کے قبضے سے واگزار کرانے کیلئے ملک گیر جدوجہد کی جانب بڑھا جائے جس کیلئے تحریک انصاف جلد لائحہ عمل مرتب کرے گی۔

۔۔۔۔اعجاز خان