پاکستان ویمنز کرکٹرز کا ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کیلئے کیمپ کراچی میں شروع

منگل 2 اپریل 2024 21:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اپریل2024ء) ویسٹ انڈیز ویمنز کرکٹ ٹیم کے خلاف سیریز کے لیے پاکستان ویمنز کرکٹرز کا کیمپ کراچی کے حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر میں شروع ہوگیا۔منگل کے روز منعقدہ کیمپ میں 20کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔کھلاڑی 8 اپریل تک کراچی میں کیمپ میں شرکت کے بعد عید منانے کے لئے اگلے دن واپس روانہ ہوں گی۔ 13اپریل کو سکواڈ کراچی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 18اپریل سے شروع ہونے والی سیریز کی تیاری کے لیے جمع ہوگا۔

دو طرفہ سیریز میں تین ون ڈے آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کا حصہ ہیں ، اس کے علاوہ پانچ ٹی ٹوئنٹی بھی شامل ہیں۔ عبوری ہیڈ کوچ محتشم رشید نے اپنی گفتگو میں کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف ہماری سیریز اچھی رہی اور اس سیریز کے بعد ہمارا ہدف کھلاڑیوں کی فٹنس میں بہتری لانا تھا۔

(جاری ہے)

سیریز کے بعد ہمیں کھلاڑیوں پر کام کرنے کا وقت ملا، ہم نے سپورٹ سٹاف میں دو نئے کوچز کو شامل کیا ہے جس سے آنے والی سیریز میں ہماری ٹیم کی کارکردگی میں اضافہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اس سال ڈومیسٹک سیزن اچھا رہا جس نے سینئر اور نوجوان کھلاڑیوں کو کارکردگی دکھانے اور ٹیم میں واپس آنے میں مدد کی۔ کیمپ میں واپس آنے والی کھلاڑی وہی ہیں جنہوں نے ٹی ٹوئنٹی ڈومیسٹک ایونٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ہم اس ماہ ایک روزہ ٹورنامنٹ کا بھی انعقاد کر رہے ہیں جس سے یقینا قومی اور جونیئر کھلاڑیوں کے درمیان صحت مند مقابلہ پیدا ہو گا اور کھلاڑیوں کے پول میں اضافہ دیکھ کر خوشی ہوئی ہے۔

کھلاڑیوں کے پول میں یہ اضافہ وقت کی ضرورت تھی اور اس سے ہمیں ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کے لیے دو الگ الگ ٹیمیں بنانے میں مدد ملے گی۔ ویسٹ انڈیز سیریز کے لیے کیمپ کا انعقاد اس طرح کیا گیا ہے کہ ہم کھلاڑیوں کی صلاحیتوں پر کام کریں۔ ہم کھلاڑیوں کو میچ کے مختلف سناریوز دے کر چیلنج کریں گے، مختلف پریکٹس گیمز کا بھی اہتمام کریں گے، جس سے کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کو جانچنے اور انہیں دیے گئے اہداف حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔