بھارت میں اپوزیشن جماعت کی مودی حکومت کے خلاف جمہوریت بچائو ریلی

منگل 2 اپریل 2024 21:10

نئی دلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اپریل2024ء) بھارت میں اپوزیشن کے سرکردہ رہنما اروند کیجریوال کی گرفتار ی پرمودی حکومت کے خلاف جمہوریت بچا ئوریلی نکالی گئی ،جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اروند کیجریوال نئی دلی کے منتخب وزیر اعلی اور انسداد بدعنوانی مہم کے سربراہ ہیں لیکن مودی حکومت نے الیکشنز سے قبل اپوزیشن کی آواز کچلنے کیلئے فیڈرل انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے ذریعے انہیں گرفتار کر لیا۔

عام آدمی پارٹی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اروند کیجریوال کے خلاف تمام الزامات بے بنیاد ہیں اور مودی سرکار اپنی کرپشن پر پردہ ڈالنے کے لئے اپوزیشن کے خلاف الزام تراشی کررہی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق نریندر مودی پر13ہزار کروڑ کی کرپشن ثابت ہوچکی ہے جس کو چھپانے کیلئے جنونی ہندو حکومت اپوزیشن کو نشانہ بنارہی ہے۔

(جاری ہے)

بھارتی عوام نے میڈیا کو بتایا کہ ان انتخابات میں ووٹ جمہوریت کو بچانے کیلئے ڈالنا ہوگا، میڈیا کے مطابق عام انتخابات میں کیجریوال نریندرمودی کیخلاف سب سے مضبوط امیدوار تھے لیکن انہیں پابند سلاسل کر دیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق "مودی سرکار سیاسی مخالفین کو دبانے اور منصفانہ انتخابات کے امکانات کو کم کرنے کے لیے تفتیشی ایجنسیوں اور ٹیکس حکام کو ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہی ہے۔