نو منتخب امیر جماعت اسلامی کا اعلان 7 اپریل سے پہلے متوقع

بدھ 3 اپریل 2024 21:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اپریل2024ء) ترجمان جماعت اسلامی قیصر شریف نے کہا ہے کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان کے انتخاب کے لیے ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔ جماعت اسلامی کے ہیڈ آفس منصورہ میں انتخابی کمیشن کے اراکین گنتی کر رہے ہیں ۔نو منتخب امیر جماعت اسلامی کا اعلان 7 اپریل سے پہلے متوقع ہے۔منصورہ سے جاری بیان میں انہوں نے کہا امیر جماعت اسلامی کا ہر پانچ سال بعد انتخاب دستوی تقاضا ہے، آئندہ امیر جماعت اسلامی کا انتخاب پانچ سال کے لیے ہو رہا ہے، نومنتخب امیر کی مدت اپریل 2029 تک ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ایک مکمل جمہوری جماعت ہے، دستور کے مطابق جماعت اسلامی میں ہر سطح پر باقاعدگی سے انتخابات ہوتے ہیں، جماعت اسلامی کسی فرد یا خاندان کی نہیں بلکہ ہر رکن اور کارکن کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک بھر سے 46 ہزار اراکین نے اپنا ووٹ خفیہ بیلٹ کے ذریعے کاسٹ کیا، گنتی مکمل ہونے پر صدر انتخابی کمیشن راشد نسیم نتائج کا اعلان کریں گے۔

قیصر شریف نے کہا کہ مرکزی مجلس شوری نے اراکین کی رہنمائی کے لیے تین نام تجویز کئے تھے، جن میں سراج الحق، لیاقت بلوچ، حافظ نعیم الرحمان شامل ہیں، اراکین جماعت ان تین کے علاوہ بھی کسی کو ووٹ کاسٹ کر سکتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق اپنی دوسری دفعہ مدت امارات 8 اپریل کو پوری کر رہے ہیں۔سراج الحق جماعت اسلامی کے پانچویں امیر ہیں۔جماعت اسلامی کے بانی امیر مولانا سید ابو اعلیٰ مودودی تھے، میاں طفیل محمد، قاضی حسین احمد اور سید منور حسن بھی جماعت کے امیر رہے۔