موہنجوداڑوہوائی اڈے پر زندگی بچانے کی تربیتی و عملی مشق

جمعرات 4 اپریل 2024 11:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اپریل2024ء) پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے زیر اہتمام ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے موہنجوداڑوہوائی اڈے پر زندگی بچانے اور فوری طبی امداد کی فراہمی کی تربیتی نشست اور عملی مشق کا انعقاد کیا گیا۔ پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کی طرف سے جاری بیان کے مطابق ایک جامع بنیادی جان بچانے والی تربیتی نشست کے انعقاد کا مقصد عملہ کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تربیت اور آگاہی فراہم کرنا ہے۔

ہوائی اڈے کی ٹیم نے اس تربیتی نشست اور مشق میں بھر پور حصہ لیا۔ اس سیشن میں مختلف اہم موضوعات کا احاطہ کیا گیا جیسے خون بہنے پر قابو پانا، روڈ ٹریفک حادثات کا انتظام (آر ٹی اے)، دل کے دورہ کی صورت میں سی پی آر کی فراہمی اور آٹومیٹڈ ایکسٹرنل ڈیفیبریلیٹر(اے ای ڈی)مشینوں کا استعمال وغیرہ شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اے ای ڈی مشینیں ان افراد کی مدد کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں جنہیں اچانک دل کا دورہ پڑتا ہے۔

تربیتی سیشن میں ریسکیو 1122 سندھ کے ٹرینرز نے سہولت فراہم کی جنہوں نے نہ صرف ضروری تربیت فراہم کی بلکہ زندگی بچانے کی بنیادی تکنیکوں کے حصول کی اہمیت کے بارے میں بھی آگاہی دی۔ بیسک لائف سپورٹ (بی ایل ایس) طبی دیکھ بھال کی ایک اہم سطح ہے جو ہنگامی حالات کے دوران دی جاتی ہے جہاں متاثرہ زندگی خطرے میں ہوتی ہے۔ یہ ایک عارضی اقدام کے طور پر کام کرتا ہے جب تک کہ متاثرہ پیرامیڈکس کی ٹیم یا ہسپتال میں پیشہ ورانہ دیکھ بھال حاصل نہ کرسکے۔ بی ایل ایس تکنیک ان افراد کے لئے زندگی بچانے کی تکنیک ثابت ہوسکتی ہے جودوران سفر دم گھٹنے یا دل کے دورے میں مبتلا ا ہو جائیں کیونکہ وہ اس موقع پر زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہوتے ہیں۔