190 ملین پاؤنڈز کیس ،ملک ریاض کی منجمد اثاثے بحال کرنے کی درخواست پر سماعت ملتوی

جمعرات 4 اپریل 2024 14:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اپریل2024ء) اسلام آباد کی احتساب عدالت نے 190 ملین پاؤنڈز اسکینڈل کیس میں پراپرٹی ٹائیکون ملک ریاض اور ان کے صاحبزادے علی ریاض کے منجمد اثاثوں کی بحالی کی درخواست پر سماعت 16 اپریل تک ملتوی کردی۔ملک ریاض اور علی ریاض کے وکیل فاروق ایچ نائیک احتساب عدالت کے روبرو پیش ہوئے، قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے عدالت میں جواب جمع کروا دیا گیا۔

(جاری ہے)

نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ ہیڈ کوارٹر سے مجھے صرف جواب جمع کروانے کی ہدایت تھی، میں اس کیس میں دلائل نہیں دے سکتا اس کیس میں دوسری ٹیم نے دلائل دینے ہیں میرا اختیار نہیں ہے۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ جس نے دلائل دینے تھے، ان کو عدالت پیش ہونا چاہیے تھا۔احتساب عدالت کے جج نے کہا کہ 16 اپریل کو دلائل ہوں گے اور فیصلہ بھی اسی دن ہوگا۔عدالت نے کیس کی سماعت 16 اپریل تک ملتوی کردی۔