لبنانی وزیرِ اعظم کی فرانس کی جانب سے منی لانڈرنگ کے الزامات کی تردید

ہماری خاندانی دولت کا ذریعہ بالکل شفاف، جائز اور مکمل طور پر قانون کے مطابق ہے،بیان

جمعرات 4 اپریل 2024 15:20

بیروت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اپریل2024ء) لبنان کے وزیرِ اعظم نجیب میقاتی نے اپنی سالمیت اور شفاف اثاثوں کا دفاع کیا جب فرانس میں ان پر منی لانڈرنگ اور دیگر جرائم کے الزامات کے بعد شکایت دائر کی گئی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق کیس کے ایک قریبی ذریعے نے بتایا کہ دو ایسوسی ایشنز نے میقاتی کے خلاف فرانس کے مالیاتی استغاثہ کے دفتر میں شکایت درج کرائی جس میں ان پر فرانس اور دیگر ممالک میں اثاثے بنانے کا الزام لگایا گیا۔

شکایات میں کہا گیا ہے کہ لبنانی عوام میقاتی، ان کے بھائی طحہ اور ان کے ساتھیوں کو مکل پرستی اور مفادات کے تصادم کا مجسمہ سمجھتے ہیں جو لبنان کے زوال کا سبب بنا ہے۔ایک بیان میں میقاتی نے کہاکہ ہم اس بات کی سختی سے تصدیق کرتے ہیں کہ ہماری خاندانی دولت کا ذریعہ بالکل شفاف، جائز اور مکمل طور پر قانون کے مطابق ہے۔

(جاری ہے)

لبنان کے سی وی پی ایف سی ایل کے مالیاتی جرائم کا شکار ہونے والے افراد کے اجتماع اور شیرپا اینٹی کرپشن ایسوسی ایشن کی طرف سے درج کرائی گئی شکایت میں میقاتی پر منی لانڈرنگ، چھپانے یا ساز باز کرنے اور ایک منظم گروہ کے حصے کے طور پر مجرمانہ سازش کا الزام لگایا گیا ہے۔

میقاتی نے ٹیلی کام میں اپنی قسمت بنائی اور جون 2022 میں تیسری بار لبنان کے وزیرِ اعظم بنے۔دونوں انجمنیں ان پر اور ان کے بھائی پر الزام عائد کرتی ہیں کہ انہوں نے انتہائی بڑی مالیاتی منتقلی کے ذریعے فرانس اور بیرون ملک متعدد جائیدادیں حاصل کیں۔ان میں فرانس کے بحیر روم کے ساحل پر موناکو اینڈ سینٹ جین کیپ فیرٹ میں جائیدادیں؛ 100 ملین ڈالر میں حاصل کی گئی 79 میٹر طویل کشتی اور دو فالکن جیٹ طیارے شامل ہیں جن کی قیمت تقریبا 95 ملین ڈالر ہے۔

طحہ میقاتی مبینہ طور پر 125 ملین ڈالر کی ایک کشتی کے مالک ہیں۔فوربز میگزین کے مطابق دونوں بھائیوں کے اثاثہ جات کی مالیت 2.8 بلین ڈالر ہے جس کی بنا پر وہ لبنان کے امیر ترین افراد میں شامل ہیں۔اپنے بیان میں میقاتی نے اصرار کیا کہ ان کے خاندان کے کسی فرد یا کاروبار کو کسی بھی عدالت نے مجرم نہیں پایا خواہ وہ لبنان میں ہو یا دنیا میں کہیں بھی۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ خاندان کو بدنام کرنے کی کوششیں بے بنیاد اور اکثر سیاسی مخالفت کی بنیاد پر تھیں۔اس میں کہا گیا ہے کہ فروری 2022 میں بیروت کے ایک جج اور اگست 2023 میں موناکو کی عدالت نے خاندان کے خلاف الزامات کو مسترد کر دیا تھا۔لیکن مدعیان نے دعوی کیا کہ 1990 کے عشرے کے وسط سے بدعنوانی کا ریاست کی کارروائیوں سے گہرا تعلق رہا ہی جس سے بھائیوں نے فائدہ اٹھایا۔

مدعیان کے وکلا ولیم بورڈن اور ونسنٹ برینگارتھ نے مزید کہا، میقاتی کا آف شور اکانٹس اور ٹیکس کی پناہ گاہوں کا منظم استعمال اور کرپشن اور مفادات کے تصادم کا طریقہ جس کا وہ نمونہ ہیں، انہیں اور ان کے خاندان کے کئی سالوں سے بڑے پیمانے پر لانڈرنگ (اور) ٹیکس فراڈ میں ملوث ہونے کے شبہات پیدا کرتا ہے۔میقاتی برادران کے کئی بچوں پر مبینہ طور پر لانڈرنگ کی گئی رقم میں سے کچھ حصہ حاصل کرنے کا شبہ ہے۔شیرپا نے پہلے لبنان کے مرکزی بینک کے سابق گورنر ریاض سلامہ کے خلاف شکایت درج کرائی تھی جنھیں مئی 2023 سے فرانسیسی بین الاقوامی گرفتاری وارنٹ کا سامنا ہے۔