عامرمیرکو بھی پی سی بی میں اہم عہدے سے نوا زدیا گیا

محسن نقوی نے عامر میر کو پی سی بی میں میڈیا کنسلٹنٹ مقرر کر دیا

ہفتہ 6 اپریل 2024 22:00

عامرمیرکو بھی پی سی بی میں اہم عہدے سے نوا زدیا گیا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 اپریل2024ء) پنجاب کے سابق نگران وزیراطلاعات عامر میر کو بھی پی سی بی میں اہم عہدے سے نوا دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے سابقہ نگران حکومت کے اپنے ساتھی اور نگران وزیر اطلاعات رہنے والے عامر میر کو پی سی بی میں عہدہ دینے کی منظوری دے دی۔ عامر میر کو پاکستان کرکٹ بورڈ میں میڈیا کنسلٹنٹ مقرر کر دیا گیا۔

عامر میر کو پی سی بی کے ڈائریکٹر میڈیا اینڈ کمیونیکیشن عالیہ رشید کے عہدے سے استعفی دینے کے بعد کنسلٹنٹ مقرر کیا گیا ہے۔ اس سے قبل چئیرمین پی سی بی محسن نقوی سابقہ نگران حکومت پنجاب کے ایک اور سابقہ وزیر کو پی سی بی میں اہم عہدہ دے چکے۔ سابق نگران وزیر بلال افضل کو کرکٹ کے کھیل کا کوئی تجربہ نہ ہونے کے باوجود محسن نقوی کی جانب سے سلیکشن کمیشن کا حصہ بنایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ جمعہ کے روز پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی میڈیا ڈائریکٹر عالیہ رشید نے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا۔ اپنے اعلان میں عالیہ رشید نے ایکس(سابقہ ٹوئٹر) پر لکھا "پیارے دوستو، میں نے ڈائریکٹر میڈیا اینڈ کمیونیکیشن پی سی بی کے عہدے سے استعفی دے دیا ہے۔" عالیہ رشید پچھلے ہفتے سے اپنی بیٹی کی شادی میں مصروف تھیں۔

انہوں نے اپنا استعفی پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی اور محکمہ ایچ آر کو اپنی روانگی کی بنیادی وجہ کے طور پر ذاتی وابستگیوں کو پیش کیا۔ عالیہ رشید نے پی سی بی کے چیئرمین ذکا اشرف کے دور میں اپنا کردار سنبھالا تھا۔ عالیہ رشید پی سی بی میں میڈیا ہیڈ کے طور پر کام کرنے والی پہلی خاتون ڈائریکٹر تھیں۔ ذرائع کے مطابق ان کے ڈیپارٹمنٹ میں مداخلت بھی کی جا رہی تھی جو ان کے مستعفی ہونے کی وجہ بنی۔ جبکہ پی سی بی نے سمیع الحسن برنی کو نیا ڈائریکٹر میڈیا اینڈ کمیونیکیشن تعینات کرنے کا اعلان کیا ہے۔