yٹرانسپورٹ نے ذیادہ کرایہ وصولی کے خلاف کارروائیاں تیز کر دیں

اتوار 7 اپریل 2024 21:25

،پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 اپریل2024ء) عید الفطر کی آمد کے سلسلے میں پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں میں حکومت کی طرف سے جاری کردہ کرایہ نامہ پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لئے سیکرٹری ٹرانسپورٹ اور ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ کی خصوصی ہدایات پر محکمہ ٹرانسپورٹ کی کاروائیاں جاری ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پشاور ہائی کورٹ کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے محکمہ ٹرانسپورٹ نے مانیٹرنگ اینڈ شکایات ازالہ کمیٹی تشکیل دی جو کہ عید کے موقع پر خیبرپختونخوا کے تمام ڈویژنوں میں بس سٹینڈز میں مسافر گاڑیوں کی دستیابی اور حکومتی نوٹیفائیڈ ریٹس پر عملدرآمد کے لیے محکمہ ٹرانسپورٹ کے افسران پر مشتمل ہے۔

اس کے علاوہ محکمہ ٹرانسپورٹ نے خیبر پختونخوا کے ہر ضلع میں پراونشل ٹرانسپورٹ اتھارٹی، ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی، ویٹس سٹاف، موٹر وہیکل ایگزامینر سٹاف اور ٹریفک پولیس پر مشتمل مختلف ٹیمیں بھی تعینات کیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ترجمان ڈائریکٹوریٹ آف ٹرانسپورٹ ارسلان یونس نے بتایا کہ سرگرمیاں عید تک تیز رہیں گی اور عید کے بعد بھی جاری رہیں گی۔انہوں نے بتایا کہ یہ ٹیمیں پبلک ٹرانسپورٹ کی چیکنگ اور اڈوں کا دورہ کرتی رہیں گی تاکہ حکومت کے نوٹیفائیڈ ریٹس کو نافذ کیا جا سکے۔چیکنگ کے دوران مسافروں سے زیادہ کرایہ وصول کرنے والی گاڑیوں کو موقع پر چالان کیا جائے گا جبکہ زیادہ وصول کردہ کرایہ مسافروں کو واپس کیا جائے گا۔