اگرہماری 45 سیٹیں تھیں تو پی ٹی آئی حکومت بنا لیتی اورپارلیمنٹ میں مسائل بھی حل کرتی

سب کو مل کردیکھنا یہ ہے کہ الیکشن ٹھیک نہیں ہوا تو کیسے ٹھیک کرنا ہے؟ پی ٹی آئی ایسی جماعت میں ضم ہوئی تاکہ آئینی و اقتصادی بحران پیدا ہو۔ وفاقی وزیر پیٹرولیم مصدق ملک

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 8 اپریل 2024 22:10

اگرہماری 45 سیٹیں تھیں تو پی ٹی آئی حکومت بنا لیتی اورپارلیمنٹ میں مسائل ..
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 08 اپریل 2024ء) وفاقی وزیر پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ اگر ہماری 45 سیٹیں تھیں تو پی ٹی آئی سڑکوں کی بجائے حکومت بناکر مسائل حل کرتی، دیکھنا یہ ہے کہ الیکشن ٹھیک نہیں ہوا تو کیسے ٹھیک کرنا ہے؟ پی ٹی آئی ایسی جماعت میں ضم ہوئی تاکہ آئینی و اقتصادی بحران پیدا ہو۔ انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخواہ میں سینیٹ کی 11سیٹیں خالی ہیں، یہ 11سیٹیں کب تک بھریں گی اور اگر یہ گیارہ سیٹیں نہیں فل ہوں گی تو پھر اسمبلیاں فعال نہیں ہوں گی بلکہ اسی طرح چلتی رہیں گی، الیکشن کے اوپر ہر بندہ ناراض تھا، مولانا فضل الرحمان سمجھتے پی ٹی آئی نے الیکشن چرایا، پی ٹی آئی سمجھتی انہوں نے الیکشن چرایا۔

جماعت اسلامی نے جواب دے دیا کہ ہم جیتی سیٹیں بھی نہیں لیں گے۔

(جاری ہے)

ان سب چیزوں کو مدنظر رکھیں تو پی ٹی آئی نے کہا کہ اکثریت ہماری ہے تو ہم نے کہا کہ آئیں حکومت بنا لیں۔جب پیپلزپارٹی نے ہمیں کہا ہم غیرمشروط سپورٹ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ایوان میں کئی جماعتیں تھیں جنہوں نے لسٹیں جمع کرائی ہوئی تھیں۔ پی ٹی آئی نے جب کہا ہم حکومت نہیں بنائیں گے تو آئینی بحران پیدا ہوا۔

دوسرا یہ ہوا کہ ایم ڈبلیوایم کی بجائے اس پارٹی میں انہوں نے ضم ہونے کا فیصلہ کیا جس نے لسٹیں جمع نہیں کرائی تھیں، پھر اس کے بعد آئی ایم ایف کو خط لکھا کہ تاکہ اقتصادی بحران بھی پیدا ہوجائے۔ انہوں نے کہا کہ کون فیصلہ کرے گا کہ 2018 کا الیکشن ٹھیک تھایا 2024 کا الیکشن ٹھیک تھا یا پہلے کے الیکشن ٹھیک تھے؟یہ کہتے ہماری سب کی 45 سیٹیں تھیں ، سمجھ لو 45نہیں صرف 4تھیں، تو پھر حکومت بنا لیتے، آج سڑکوں پر آنے کی باتیں کررہے یہی مسائل پارلیمنٹ میں حل کرلیتے۔ ہمارا جی ٹی روڈ ، گوجرانوالہ ، فیصل آباد ہر جگہ سے صفایا ہوگیا، دیکھنا یہ ہے کہ الیکشن ٹھیک نہیں ہوا تو کیسے ٹھیک کرنا ہے؟