ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے لیے پاکستان ویمنز اسکواڈ کا اعلان، پانچ کرکٹرز کی اسکواڈ میں واپسی

منگل 9 اپریل 2024 17:19

ویسٹ انڈیز  کے خلاف  سیریز کے لیے  پاکستان ویمنز اسکواڈ کا اعلان، پانچ ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اپریل2024ء) ویسٹ انڈیزویمنز کے خلاف سیریز کے لیے پاکستان ویمنز اسکواڈ کا اعلان کر دیا گیا، پانچ کرکٹرز کی اسکواڈ میں واپسی ہوگئی۔ منگل کو جاری اعلامیہ کے مطابق سلیم جعفر کی سربراہی میں خواتین کی قومی سلیکشن کمیٹی نے ویسٹ انڈیز کی خواتین ٹیم کے خلاف 16 رکنی ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے جس میں پانچ کرکٹرز کی واپسی ہوئی ہے۔

تین ون ڈے جو آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کا حصہ ہیں 18 سے 23 اپریل کے درمیان کھیلے جائیں گے جبکہ پانچ ٹی ٹوئنٹی 26 اپریل سے 3 مئی تک ہوں گے۔ تمام آٹھ میچز کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ ون ڈے سیریز کے لیے وکٹ کیپر بیٹرز سدرہ نواز کی واپسی ہوئی ہے جبکہ ٹی ٹوئنٹی کے لیے چار کھلاڑی عائشہ ظفر ، گل فیروزہ اور طوبیٰ حسن اسکواڈ میں واپس آئی ہیں۔

(جاری ہے)

عائشہ، گل فیروزہ اور رامین جو ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔ 17 اپریل سے فیصل آباد میں شروع ہونے والے ویمنز ون ڈے ٹورنامنٹ میں شرکت کریں گی۔ ٹی ٹوئنٹی سیریز سے قبل تینوں کھلاڑی قومی ٹیم کو دوبارہ جوائن کر لیں گی۔ ون ڈے سیریز کے اختتام پر صدف شمس، سدرہ نواز اور وحیدہ اختر ڈومیسٹک ون ڈے ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے فیصل آباد چلی جائیں گی۔

لیگ اسپنر غلام فاطمہ کو آرام دیا گیا ہے تاکہ وہ کارحادثے میں لگنے والی چوٹوں سےمکمل طور پرصحت یاب ہوسکیں۔ وہ کراچی میں 20 کھلاڑیوں کے کیمپ کا حصہ تھیں ۔بسمہ معروف جو اسی حادثے میں زخمی ہوئی تھیں اگلے ہفتے فٹنس ٹیسٹ دیں گی جس کے بعد ان کے انتخاب کا فیصلہ کیا جائے گا۔چیف سلیکٹر سلیم جعفر کا کہنا ہے کہ سلیکشن کمیٹی نے کپتان ندا ڈار اور عبوری ہیڈ کوچ کی مشاورت سے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے 16 رکنی اسکواڈ کو حتمی شکل دے دی ہے۔

اسکواڈ میں شامل پانچ کھلاڑی ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں اپنی کارکردگی اور کیمپ میں اچھی مہارت کا مظاہرہ کرنے کی وجہ سے واپس آئی ہیں۔ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز ہمارے لیے اہم ہے کیونکہ یہ ون ڈے آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کا حصہ ہے اور ہم ہوم سیریز میں زیادہ سے زیادہ پوائنٹس حاصل کرنا چاہتے ہیں تاکہ اگلے سال ہونے والے آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کے لیے براہ راست کوالیفائی کرنے کے اپنے امکانات کو بڑھا سکیں۔

ون ڈے کے لیے پاکستانی خواتین اسکواڈ ندا ڈار (کپتان)، عالیہ ریاض، بسمہ معروف ( فٹنس سے مشروط )، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثناء، منیبہ علی، نجیہہ علوی (وکٹ کیپر )، نشرہ سندھو، نتالیہ پرویز، صدف شمس، سعدیہ اقبال، سدرہ امین، سدرہ نواز (وکٹ کیپر) طوبیٰ حسن، ام ہانی اور وحیدہ اختر کو شامل کیا گیا ہے۔ ٹی ٹوئنٹی کے لیے پاکستانی خواتین اسکواڈ میں ندا ڈار (کپتان)، عالیہ ریاض، عائشہ ظفر، بسمہ معروف ( فٹنس سے مشروط )، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثنا، گل فیروزہ، منیبہ علی (وکٹ کیپر )، نجیہہ علوی (وکٹ کیپر)، نشرہ سندھو، نتالیہ پرویز، رامین شمیم، سعدیہ اقبال، سدرہ امین، طوبہ حسن اور ام ہانی شامل ہیں۔