اس عید پر پنجاب کے ہر بچے کی خواندگی کیلئے کردار ادا کرنے کا عہد کرتا ہوں: وزیر تعلیم

منگل 9 اپریل 2024 23:03

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 اپریل2024ء) وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ عید الفطر جہاں خوشیوں اور تشکر کا دن ہے وہیں کم وسیلہ افراد کو ہمراہ رکھنے کا بھی تقاضہ کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن صوبے کا ہر فرد محروم طبقات کی تعلیم کیلئے کاوشیں کرتے ہوئے ان کے چہروں پر مسکراہٹ لانے کا عزم کرے اور ہر آؤٹ آف سکول بچے کی تعلیم تک رسائی یقینی بنانے کیلئے اپنا اپنا کردار ادا کرنے کیلئے خود کو متحرک کرنے کا عہد کرے۔

عید الفطر کی مناسبت سے جاری کئے گئے اپنے بیان میں رانا سکندر حیات نے مزید کہا کہ کم وسیلہ اور آؤٹ آف سکول بچوں کو وہ تمام خوشیاں پہنچانے کی کوشش کریں جو ہم اپنے بچوں کیلئے سوچتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت ہر بے تعلیم بچے کی تعلیم کیلئے کردار ادا کرنے کیلئے پٴْرعزم ہے۔

(جاری ہے)

ہم پنجاب کی عوام کے ساتھ مل کر جذبہ ایثار کے تحت صوبے کے تمام بچوں کو تعلیم یافتہ بنانے کے لئے کوششیں کریں گے۔

رانا سکندر حیات نے کہا کہ حکومت پنجاب احساس رکھتی ہے کہ بچوں کی خوشیاں تعلیم سے ہی ممکن ہیں۔ اسی ضمن میں بطور وزیر تعلیم پنجاب، آج کے دن صوبے کے ہر بچے کو خواندہ بنانے کیلئے تمام صلاحیتیں بروئے کار لانے کا عہد کرتا ہوں۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ اس عید پر مستحق بچوں کو یونیفارم گفٹ کریں اور ان کی سکول انرولمنٹ کیلئے اقدامات یقینی بنائیں۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ تعلیمی ایمرجنسی اور موجودہ حالات کے تناظر میں اس عید پر ہر فرد ایک ایک مستحق بچے کی خواندگی کی ذمہ داری لینے کا عزم کرلے تو انہیں عید کا اس سے بہتر تحفہ نہیں دیا جا سکتا۔