مستحق خاندانوں میں عید پیکج تقسیم کرنے کی تصاویر شائع کرنے پر وزیراعلی خیبرپختونخوا نے نوٹس لے لیا

شدید برہمی کا اظہار‘متعلقہ سرکاری حکام اور عوامی نمائندوں سے وضاحت طلب یہ عمل حکومتی اور پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی ہے کیونکہ ایسا کرنے سے مستحقین کی عزت نفس مجروح ہوئی. علی امین گنڈاپور

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 12 اپریل 2024 15:32

مستحق خاندانوں میں عید پیکج تقسیم کرنے کی تصاویر شائع کرنے پر وزیراعلی ..
پشاور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔12 اپریل۔2024 ) خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے مستحق خاندانوں میں عید پیکج تقسیم کرنے کی تصاویر شائع کرنے کے معاملے کا وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے نوٹس لے لیا ہے نجی ٹی وی کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پیکج تقسیم کرنے کی تصاویر پر شدید اظہارِ برہمی کرتے ہوئے متعلقہ سرکاری حکام اور عوامی نمائندوں سے وضاحت بھی طلب کرلی ہے.

(جاری ہے)

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ بعض سرکاری حکام اور منتخب عوامی نمائندگان کی جانب سے کیا گیا یہ عمل حکومتی اور پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی ہے کیونکہ ایسا کرنے سے مستحقین کی عزت نفس مجروح ہوئی ہے انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے ایک شفاف طریقے سے ساڑھے آٹھ لاکھ مستحق خاندانوں کو رمضان پیکیج دیا اور عزت نفس مجروح نہیں کرنے کے پیشِ نظر بنک اکاﺅنٹس کے ذریعے مستحق خاندانوں کو رمضان پیکج پہنچایا.

وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے موقف اختیار کیا کہ پارٹی اور حکومتی پالیسی تھی کہ تصاویر اور ویڈیوز شائع کرنے سے اجتناب کیا جائے یہی وجہ ہے کہ میں نے بحیثیت وزیر اعلیٰ پیکج تقسیم کرنے کی کسی بھی تقریب میں شرکت نہیں کی اور نہ ہی پیکج تقسیم کیا انہوں نے کہا کہ اس عمل پر متعلقہ افراد سے وضاحت طلب کر لی ہے. وزیراعلی کے پی کے نے کہا کہ آئندہ اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ امداد یا پیکج کے نام پر کسی کی بھی عزت نفس مجروح نہ ہو واضح رہے کہ چند روز قبل پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخوا کے سوشل میڈیا اکاﺅنٹس کے ذریعے مستحق افراد میں عید پیکج کی تقسیم کی تصاویر شائع ہوئی تھیں جن پر سوشل میڈیا پر کافی تنقید بھی کی گئی تھی.