میپکو ریجن میں 128 فیڈر ٹرپ ،طوفان بادو باراں سے بجلی کی فراہمی معطل

ہفتہ 13 اپریل 2024 12:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اپریل2024ء) ملتان الیکٹرک سپلائی کمپنی(میپکو)ریجن میں طوفان بادوباراں کے باعث 128سے زیادہ فیڈرز سےبجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ۔ میپکو ترجمان کے مطابق مسلسل اور تیز بارش سے ملتان، مظفر گڑھ، ڈی جی خان، وہاڑی، ساہیوال، بہاولپور، بہاولنگر، رحیم یار خان اور خانیوال سرکلوں کے فیڈرز ٹرپ کرگئے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر رانا محمد ایوب خان نے آپریشنل افسران اور سٹاف کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی۔

(جاری ہے)

چیف ایگزیکٹو میپکو نے ہدایات کی کہ بارش رکنے کے بعد متاثرہ فیڈرز سے بجلی کی بحالی کا کام شروع کیاجائے۔ میپکو کے لائن سٹاف سیفٹی ایس اوپیز پر عملدرآمد کویقینی بنائیں اور مکمل ٹی اینڈ پی اور پی پی آئی کے ساتھ فیلڈ میں کام کریں۔ انجینئر رانا محمد ایوب خان نے میپکو صارفین اور عوام سے اپیل کی کہ وہ بارش کے دوران بجلی تنصیبات سے دوررہیں ۔ تاروں اورکھمبوں کو ہرگز نہ چھوئیں۔ انہوں نے کہاکہ کسی بھی حادثے کی صورت میں متعلقہ میپکو دفاتر کو اطلاع کریں۔