دنیا کی معمرترین گوریلا کی برلن چڑیا گھر میں67ویں سالگرہ

DW ڈی ڈبلیو ہفتہ 13 اپریل 2024 15:40

دنیا کی معمرترین گوریلا کی برلن چڑیا گھر میں67ویں سالگرہ

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 13 اپریل 2024ء) جب فاتو پہلی بار 1959ء میں برلن کے چڑیا گھر منتقل ہوئی تو دیوار برلن کی تعمیر میں ابھی دو سال باقی تھے۔ اور پھر جب دیوار برلن کو 1989ء میں گرایا گیا تو فاتو تب بھی وہیں تھی۔ برلن چڑیا گھر کی انتظامیہ کے مطابق فاتو آج ہفتے کے روز اپنی 67ویں سالگرہ منائے گی۔ فاتو دنیا کی سب سے طویل عمر گوریلا ہے، حالانکہ اس کی صحیح عمر اور سالگرہ معلوم نہیں ہے۔

چڑیا گھر کا کہنا ہے کہ وہ پہلی بار اس وقت یورپ پہنچی تھی، جب ایک ملاح نے اسے فرانسیسی بندرگاہی شہر مارسیلی کے ایک پب میں کرنسی کے طور پر استعمال کرنے کی کوشش کی۔ اس کے بعد وہ اُس وقت کے مغربی برلن میں جا پہنچی۔ اس وقت اس کی عمر تقریباً دو سال بتائی گئی تھی اور اس کے بعد سے اس کی سالگرہ ہر سال 13 اپریل کو منائی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

فاتو کو جمعے کے روز اپنی سالگرہ کا پہلا تحفہ ملا۔

یہ کھانے کی ایک ٹوکری تھی، جس میں درختوں کی ٹہنیاں، پتے، گوبھی سلاد، انگور، کیلے اور تھوڑا سا خربوزہ شامل تھا۔ بوڑھے انسانوں کی طرح، وہ بہت زیادہ میٹھے کھانے سے پرہیز کرتی ہے اور تیزی سے ایسے نرم کھانے سے لطف اٹھاتی ہے، جسے وہ دانتوں کے بغیر چبا سکتی ہے۔

فاتو: دنیا کی سب سے پرانی گوریلا

وہ گوریلوں کے مرکزی گروپ سے الگ اپنے مسکن میں رہتی ہے۔

چڑیا گھر کے مطابق یہ اس کی عمر کی مادہ گوریلا کے لیے بہت دباؤ کا باعث ہوگا۔ فاتو جب چاہے اپنے ساتھی گوریلوں سے رابطہ کرنے کے لیے آزاد ہے لیکن وہ اپنی ریٹائرمنٹ کو سکون سے گزارنے کو ترجیح دیتی ہے۔

جرمن ڈاکٹر آندرے شولے نے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ کسی دوسرے چڑیا گھر میں فاتو سے طویل عمر گوریلا نہیں ہے ''اور ہمیں یہ ماننا پڑے گا کہ جنگل میں بھی اس سے بڑی عمر کا کوئی جانور نہیں ہے‘‘ جہاں جانور اتنی زیادہ دیر تک زندہ نہیں رہتے۔

2021ء میں یورپ کے کسی چڑیا گھر میں رکھی گئی سب سے معمر قطبی مادہ ریچھ کاٹجوشا 37 سال کی عمر میں مر گئی تھی۔ لیکن فاتو حال ہی میں انگو فلیمنگو کی موت کے بعد برلن چڑیا گھر کی سب سے قدیم رہائشی بن گئی ہے۔ انگو 1955ء سے برلن چڑیا گھر میں رہنے کے بعد حال ہی میں کم از کم 75 سال کی عمر میں مر گیا تھا۔ یہ بوڑھا پرندہ اپنے آخری دنوں ایک ٹانگ پر کھڑا نہیں ہو سکتا تھا لیکن وہ کسی بھی وقت دیوار برلن کے اوپر سے اڑ سکتا تھا۔

ش ر ⁄ ع ت (اے پی، ڈی پی اے)

متعلقہ عنوان :