پاکستان کا مشرق وسطیٰ میں حالیہ پیش رفت پر گہری تشویش کا اظہار ، خطے میں تنائو میں اضافے کو روکنے اور غزہ میں جنگ بندی کے لیے بین الاقوامی کوششوں کی ضرورت پر زور

اتوار 14 اپریل 2024 15:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اپریل2024ء) پاکستان نے مشرق وسطیٰ میں حالیہ پیش رفت پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور خطے میں تنائو میں اضافے کو روکنے اور غزہ میں جنگ بندی کے لیے بین الاقوامی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا ہے۔اتوار کو ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان مشرق وسطیٰ میں جاری پیش رفت کو گہری تشویش سے دیکھ رہا ہے۔

پاکستان نے خطے میں کئی مہینوں سے کشیدگی کو روکنے اور غزہ میں جنگ بندی کے لیے بین الاقوامی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

(جاری ہے)

2 اپریل کو پاکستان نے شام میں ایرانی قونصل خانے پر حملے کے بعد پہلے سے ہی غیر مستحکم خطے میں ایک بڑی کشیدگی کے خطرے سے آگاہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ آج کی پیش رفت سفارت کاری میں تعطل کے نتائج کو ظاہر کرتی ہے۔ یہ ان صورتوں میں سنگین مضمرات کو بھی واضح کرتے ہیں جہاں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل بین الاقوامی امن اور سلامتی کو برقرار رکھنے کی اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے سے قاصر ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب صورتحال کو مستحکم کرنے اور امن کی بحالی کی اشد ضرورت ہے۔ ہم تمام فریقین سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ انتہائی تحمل سے کام لیں اور کشیدگی کو کم کرنے کی طرف بڑھیں۔