ریسکیو 1122 نے عید تعطیلات کے دوران 27ہزار254 ایمرجنسیز کو رسپانس کیا ، ڈاکٹر رضوان

اتوار 14 اپریل 2024 17:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اپریل2024ء) سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے عیدالفطر کی تعطیلات کے دوران پنجاب میں ٹریفک حادثات کی بڑھتی ہوئی تعداد اور ان حادثات میں 43 قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے،اتوار کے روز ایمرجنسی سروسز ہیڈ کوارٹرز ٹھوکر نیاز بیگ میں منعقدہ تمام ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی افسران کے ساتھ ورچوئل میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے تمام اسٹیک ہولڈرز بشمول والدین، اساتذہ اور سول سوسائٹی پر زور دیا کہ وہ روڈ ٹریفک حادثات کم کرنے کیلئے لوگوں اور اپنے پیاروں کو آگاہ کریں،موٹر بائیک کی اسپیڈ کم رکھتے ہوئے حفاظتی اقدامات کیساتھ انتہائی بائیں لین میں چلائیں اور حادثات کم کرنے میں ایمرجنسی سروس کیساتھ تعاون کریں، انہوں نے ریسکیورز کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے اپنی عید کی چھٹیاں قربان کر کے صوبے بھر میں ہنگامی صورتحال میں فوری رسپانس کو یقینی بنانے کے لیے خدمات انجام دیں، انہوں نے بتایا کہ ریسکیو 1122 کی ایمرجنسی ایمبولینس، ریسکیو اینڈ فائر سروسز، موٹر بائیک ریسکیو سروس نے عید کی 4 چھٹیوں کے دوران پنجاب کے تمام اضلاع میں 27,254 ایمرجنسیز پر سروسز فراہم کیں، ریسکیو 1122 نے عید کی تعطیلات کے دوران پنجاب میں ایمرجنسی پر رسپانڈ کیا جن میں سے 7636 روڈ ٹریفک حادثات میں 43 اموات، 16398 میڈیکل ایمرجنسیز میں 543 اموات، 693 جرائم کے واقعات، 505 فائر ایمرجنسی، 527 ڈیلیوری ایمرجنسیز، 111 جانوروں کو ریسکیو کرنے اور 1481دیگر متفرق ہنگامی حالات کے آپریشن بھی کیے گئے،انہوں نے کہاکہ لاہور میں سب سے زیادہ 3149 ایمرجنسیز سامنے آئیں، فیصل آباد میں 1674 ایمرجنسیز، ملتان میں 1342 ، گوجرانوالہ میں 1264 اور بہاولپور میں 1223 اور سب سے کم 68 ایمرجینسیز چکوال میں رپورٹ ہوئیں۔