ویں خالصہ جنم دن اور وساکھی میلہ کی تقریبات گورو دوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال میں اختتام پذیر

بھارت سمیت دنیا بھر سے آئے سکھ یاتریوں سمیت آسٹریلیا ،نیپال اور دیگر 10 ملکوں کے سفیر وں نے شرکت کی پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی ،غیر مسلموں کی فلاح و بہبود کے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں‘ خواجہ آصف

اتوار 14 اپریل 2024 20:25

حسن ابدال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اپریل2024ء) 325 ویں خالصہ جنم دن اور وساکھی میلہ کی تقریبات گورو دوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال میں اختتام پذیر ہو گئیں،تقریبات میںبھارت سمیت دنیا بھر سے آئے سکھ یاتریوں سمیت آسٹریلیا ،نیپال اور دیگر 10 ملکوں کے سفیر وں نے شرکت کی ۔بھا رتی سکھ رہنمائوں نے متروکہ وقف املاک بورڈ کی جانب سے گردوارہ پنجہ صاحب کو خوبصورت انداز میں سجانے اور یاتریوں کو رہا ئش سمیت دیگر اعلی انتظامات پر حکومت پاکستان اور ٹرسٹ بورڈ انتظامیہ کا خصوصی شکریہ ادا کیا ۔

مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد اصف نے مہمانوں کو وساکھی میلہ کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے اور ان کی عبادت گاہیں و املاک محفوظ ہیں غیر مسلموں کی فلاح و بہبود کے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں ،سکھ مسلم دوستی کے رشتہ میں دن بدن مضبوطی آ رہی ہے ۔

(جاری ہے)

تقریب میں،سینیٹر سردار گل دیپ سنگھ، سیکرٹری بورڈ فرید اقبال، ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز رانا شاہد سلیم، ایڈمنسٹریٹر کراچی محمد اصف خان، ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر حسن ابدال یاسر اصغر مونگا، عاشر یونس ایم پی اے، بابا گرپال سنگھ، سردار ستونت سنگھ ڈاکٹر ممپال سنگھ سمیت دیگر مختلف سیاسی و مذہبی اقلیتی رہنمائوں نے شرکت کی ۔

پاکستان سکھ گردوارہ پربندھک کمیٹی کے پردھان و صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رامیش سنگھ اروڑا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جہاں سکھ میرج ایکٹ نافذ عمل ہونے جا رہا ہے پاکستان میں سکھوں کا تاریخی ورثہ محفوظ ہے ہمسایہ ملک میں غلط پراپیگنڈاہوتا ہے۔ غیر ملکی سفیران نے اعلی انتظامات کو خوب الفاظ میں سراہا ۔قبل ازیں سیکرٹری بورڈ فرید اقبال نے چیئرمین کے احکامات کی روشنی میں سکھ یاتریوں کے لیے کیے گئے تمام انتظامات کا جائزہ لیا اور دوران ڈیوٹی میڈیکل کیمپ میں غفلت برتنے پر ڈاکٹر تنویر مشتاق کو معطل کرنے کے احکامات جاری کیے۔