دبئی سے ترسیلات زرمیں مارچ کے دوران ماہانہ بنیادوں پر43 فیصد اضافہ

پیر 15 اپریل 2024 12:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اپریل2024ء) دبئی میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی ترسیلات زرمیں مارچ کے دوران ماہانہ بنیادوں پر43 فیصدکانمایاں اضافہ ریکارڈکیاگیاہے۔ سٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق مارچ 2024 میں دبئی میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے430.9 ملین ڈالرکازرمبادلہ ملک ارسال کیا جو فروری کے مقابلہ میں 43 فیصدزیادہ ہے، فروری 2024 میں دبئی میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 301.6 ملین ڈالرکازرمبادلہ ملک ارسال کیاتھا۔

(جاری ہے)

گزشتہ سال مارچ کے مقابلہ میں رواں سال مارچ میں دبئی میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی ترسیلات زرمیں سالانہ بنیادوں پر38 فیصدکی نموہوئی ہے۔گزشتہ سال مارچ میں دبئی میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 312.3 ملین ڈالرکازرمبادلہ ملک ارسال کیاتھا۔ اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں دبئی سے مجموعی ترسیلات زرکاحجم 2.751 ارب ڈالرریکارڈکیاگیاہے جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 2.784 ارب ڈالرکے مقابلہ میں 1.2 فیصدکم ہے۔ مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں سمندرپارکستانیوں کی مجموعی ترسیلات زرکاحجم 21.036 ارب ڈالر ریکارڈکیاگیاہے جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 20.84 ارب ڈالرکے مقابلہ میں 0.9 فیصدزیادہ ہے۔

متعلقہ عنوان :