ڈرگ فری پنجاب کیلئے پولیس متحرک ہے،ترجمان

پیر 15 اپریل 2024 12:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اپریل2024ء) وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر منشیات کے خاتمے اور ڈرگ فری پنجاب کیلئے پولیس متحرک ہے۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں خصوصی مہم کے دوران منشیات فروشوں کے ٹھکانوں پر 14 ہزار سے زائد چھاپے مارے گئے۔49 دنوں میں منشیات فروشوں کے خلاف 7047 مقدمات درج کئے گئے جبکہ 7500 ملزمان گرفتار کئے گئے۔

(جاری ہے)

ملزمان کے قبضے سے 4897 کلو چرس، 26 کلو گرام سے زائد آئس ،210 کلو افیون، 88 کلو ہیروئن ، 42132 لٹر شراب بھی ملزمان کے قبضہ سے برآمد کی گئی۔ترجمان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں لاہور سمیت صوبہ بھر میں منشیات فروشوں کے ٹھکانوں پر 321 ریڈز کے دوران منشیات کے کاروبار میں ملوث 141 ملزمان گرفتار، 138 مقدمات درج کر لئے گئے۔ملزمان کے قبضے سے 61 کلو چرس ، 2454 لٹر شراب و دیگر منشیات برآمد کی گئی ۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے منشیات فروشوں کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشنز میں تیزی کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے کہاہے کہ نوجوان نسل کا مستقبل تباہ کرنے والے ملزمان کو قانون کی گرفت میں لا کر قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں۔