پاکستان اورشمال مشرقی ایشیا کے درمیان دوطرفہ تجارت کے حجم میں اضافہ،جاری مالی سال کے دوران شمال مشرقی ایشیا کے ممالک کوپاکستانی برآمدات میں 28 فیصد، درآمدات میں 15 فیصدکی نمو

پیر 15 اپریل 2024 13:11

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اپریل2024ء) پاکستان اورشمال مشرقی ایشیا کے ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کے حجم میں جاری مالی سال کے دوران نمایاں اضافہ ریکارڈکیاگیاہے، مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں چین، جاپان، جنوبی کوریا اورشمال مشرقی ایشیا کے دیگرممالک کوملکی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر28 فیصد جبکہ ان ممالک سے درآمدات میں 15 فیصدکی نموریکارڈکی گئی ہے۔

سٹیٹ بینک اورپاکستان بیوروبرائے شماریات کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں چین، جاپان، جنوبی کوریا اورشمال مشرقی ایشیا کے دیگرممالک کوبرآمدات سے ملک کو2.347 ارب ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہوا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 28 فیصدزیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں شمال مشرقی ایشیا کے ممالک کوپاکستانی برآمدات کاحجم 1.834 ارب ڈالرریکارڈکیاگیا تھا۔

(جاری ہے)

فروری میں شمال مشرقی ایشیا کے ممالک کوپاکستانی برآمدات کاحجم 202.44 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جوجنوری میں 307.082 ملین ڈالراورگزشتہ سال فروری میں 190.64 ملین ڈالرتھا، مالی سال 2023 میں شمال مشرقی ایشیا کے ممالک کوپاکستان کی مجموعی برآمدات کاحجم 2.740 ارب ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔سٹیٹ بینک کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں شمال مشرقی ایشیا کے ممالک سے درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر15 فیصدکااضافہ ریکارڈکیاگیاہے۔

جولائی تافروری2024 تک کی مدت میں مشرقی ایشیا کے ممالک سے درآمدات پر9.810 ارب ڈالرکازرمبادلہ خرچ ہواجوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 8.547 ارب ڈالرتھا، فروری 2024 میں شمال مشرقی ایشیا کے ممالک سے درآمدات کاحجم 1.327 ارب ڈالر ریکارڈکیاگیا جوجنوری میں 1.386 ارب ڈالراورگزشتہ سال فروری میں 749.36 ملین ڈالرتھا،مالی سال 2023 میں مشرقی ایشیا کے ممالک سے درآمدات کامجموعی حجم11.74 ارب ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔

متعلقہ عنوان :