فیصل آباد،باردانہ کے حصول کے لئے کاشتکاروں سے 17 اپریل تک آن لائن درخواستیں طلب

پیر 15 اپریل 2024 13:11

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اپریل2024ء) محکمہ خوراک نے باردانہ کے حصول کے لئے کاشتکاروں سے 17 اپریل تک آن لائن درخواستیں طلب کر لیں۔ ریجنل ڈائریکٹوریٹ محکمہ خوراک فیصل آباد ڈویژن کے ترجمان نے اے پی پی کو بتایا کہ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کی تصدیق کے بعد 19 اپریل سے باردانہ کا اجرا شروع کردیا جا ئے گا ۔

انہوں نے کہا کہ باردانہ کا اجرا پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر کیا جا ئے گا اور گندم کی خریداری مہم 22 اپریل سے شروع ہوگی۔انہوں نے بتایا کہ کاشتکاروں سے 3900 روپے فی 40 کلو گرام کے حساب سے گندم خریدنے کے لئے محکمہ خوراک نے فیصل آباد ڈویژن سمیت صوبہ بھر میں 393 گندم خریداری مراکز قائم کئے ہیں تاہم بوقت ضرورت ان کی تعداد میں اضافہ بھی کیا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ گندم کی قیمت کے علاوہ ہر کاشتکار کو ہر 100 کلو گرام گندم پر 30 روپے ڈلیوری چارجز بھی ادا کئے جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ اس بار چھوٹے کسانوں کے تحفظ کے لئے باردانہ کے حصول کی اہلیت 6 ایکڑ تک رکھی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ گندم خریداری مہم کے دوران کاشتکاروں کی شکایات کے ازالہ کے لئے کنٹرول روم قائم کردیا گیا ہے لہٰذا گندم کی خریداری مہم کے حوالے سے کسی بھی شکایت کی صورت میں ٹال فری نمبر080013505 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ حکومتی پالیسی کے مطابق فلور ملوں، پرائیویٹ سیکٹراورسیڈ کمپنیوں کو بھی مقررہ نرخ پر گندم خریدنے کی اجازت دی گئی ہے۔انہوں نے بتایاکہ حالیہ بارشوں کے باعث ابھی تک فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ کے اکثر مقامات پر گندم کی فصل پوری طرح پک کر تیار نہ ہوئی ہے اور چونکہ درجہ حرارت میں ایک دم تبدیلی رونما ہوئی ہے اس لئے زمینداروں اور کاشتکاروں سے اپیل ہے کہ جب تک گندم اچھی طرح پک کر تیار نہ ہوجائے اس وقت تک گندم کی کٹائی شروع نہ کی جائے بصورت دیگر 10فیصد نمی سے زائد والی گندم کی فروخت پر انہیں مشکل یا پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔