سابق کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ نے عدالت میں اپنا جواب جمع کروا دیا

میرے خلاف 2 انکوائریاں چل رہی ہیں، ان میں پیش ہو رہا ہوں، ایک انکوائری الیکشن کمیشن اور دوسری محکمانہ طور پر چل رہی ہے،سابق کمشنر کا جواب میں موقف

Faisal Alvi فیصل علوی پیر 15 اپریل 2024 13:03

سابق کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ نے عدالت میں اپنا جواب جمع کروا ..
راولپنڈی(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔15 اپریل2024 ء) سابق کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ نے عدالت میں اپنا جواب جمع کروا دیا،راولپنڈی کی مقامی عدالت میں سابق کمشنر راولپنڈی کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست پر سماعت ہوئی ۔ سماعت ایڈیشنل سیشن جج حاکم خان بکھر نے کی۔ سابق کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چھٹہ کی جانب سے ان کے وکیل نے عدالت میں پیش ہوکر جواب جمع کروایا۔

لیاقت علی چٹھہ نے اپنے جواب میں بتایا کہ میرے خلاف 2 انکوائریاں چل رہی ہیں، ان میں پیش ہو رہا ہوں، ایک انکوائری الیکشن کمیشن اور دوسری محکمانہ طور پر چل رہی ہے۔انہوں نے جواب میں بتایا کہ میری جانب سے میرے وکیل پیش ہوں گے۔بعد ازاں عدالت نے سابق کمشنر کی جانب سے جواب جمع کرانے پر سماعت 20 اپریل تک ملتوی کر دی۔

(جاری ہے)

سابق کمشنر کے خلاف زیب فیاض ایڈووکیٹ نے اندراج مقدمہ کی درخواست دائر کر رکھی ہے ، درخواست میں سٹی پولیس افسر (سی پی او) راولپنڈی اور چوکی انچارج سول لائنز کو فریق بنایا گیا ہے۔

یاد رہے کہ 13 مارچ کو راولپنڈی کی مقامی عدالت نے پولیس کو سابق کمشنر لیاقت علی چٹھہ کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔پولیس کی جانب سے عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ سابق کمشنر راولپنڈی انتخابات دھاندلی والی گفتگو کے بعد سے اب تک مسلسل روپوش ہیں اور سابق کمشنر راولپنڈی اور اپنے آبائی گاوٴں حافظ آباد والے گھر بھی دستیاب نہیں ہیں۔عدالت نے سابق کمشنر راولپنڈی کو عدالت میں پیش کرنے کیلئے نوٹس جاری کرتے ہوئے پولیس کو آئندہ تاریخ پر لیاقت علی چٹھہ کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے معاملے کی سماعت 15 اپریل  تک ملتوی کردی تھی۔درخواستگزار نے موقف اپنایاتھاکہ تھانہ سول میں درخواست دینے کے باوجود مقدمہ درج نہیں کیا گیاتھا۔ سابق کمشنر راولپنڈی نے پریس کانفرنس کر کے اپنے جرم کا اعتراف کیا تھا۔سابق کمشنر نے 17 فروری کو پریس کانفرنس کی اور رو پوش ہو گئے تھے۔