بابر اعظم متعدد ٹی ٹونٹی ریکارڈز توڑنے کے قریب پہنچ گئے

صرف تین میچز میں فتوحات انہیں سب سے کامیاب ٹی ٹونٹی کپتان بنا دے گی ، بطور ٹی ٹونٹی کپتان ایرون فنچ کا سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ توڑنے کے قریب

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 15 اپریل 2024 15:32

بابر اعظم متعدد ٹی ٹونٹی ریکارڈز توڑنے کے قریب پہنچ گئے
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 15 اپریل 2024ء ) پاکستان کے ٹی ٹونٹی کپتان بابر اعظم، نیوزی لینڈ کے خلاف 18 اپریل سے شروع ہونے والی پانچ میچوں کی T20I سیریز میں ریکارڈ بک دوبارہ لکھنے کے لیے تیار ہیں۔ بابر متعدد سنگ میل عبور کرنے کے قریب ہیں۔ نیوزی لینڈ کے خلاف صرف تین ٹی ٹونٹی میچز میں فتوحات انہیں سب سے کامیاب ٹی ٹونٹی کپتان بنا دے گی ، وہ یوگنڈا سے تعلق رکھنے والے برائن مسابا کا ریکارڈ توڑیں گے جنہوں نے بطور کپتان 56 میچز میں 44 فتوحات حاصل کی ہیں۔

بابر اس وقت انگلینڈ کے آئن مورگن (72 میچز) اور افغانستان کے اصغر افغان (52 میچز) کے ساتھ بحیثیت کپتان 42 ،42 فتوحات کے ساتھ ہم پلہ ہیں۔ مزید برآں اگر بابر اعظم سیریز کے پانچوں میچوں میں حصہ لیتے ہیں تو وہ 76 میچوں کے ساتھ تاریخ میں سب سے زیادہ ٹی ٹونٹی میں اپنی قوم کی کپتانی کرنے کے ایرون فنچ کے ریکارڈ کو برابر کر دیں گے۔

(جاری ہے)

اس وقت بابر 71 ٹی ٹونٹی مقابلوں میں پاکستانی ٹیم کی قیادت کر چکے ہیں۔

بابر بطور ٹی ٹونٹی کپتان ایرون فنچ کا سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ توڑنے کے قریب بھی ہیں ۔ سیریز میں صرف 42 رنز انہیں فنچ کے 2236 رنز سے آگے پہنچا دیں گے جو آسٹریلیا کے T20I کپتان کے طور پر 76 اننگز میں بنائے تھے۔ بابر نے بطور کپتان 65 اننگز میں 2195 رنز بنائے ہیں ۔ کین ولیمسن اس فہرست میں 71 اننگز میں 2125 رنز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں ۔ مزید برآں، بابر کی نظریں ٹی ٹونٹی کرکٹ میں 4000 رنز مکمل کرنے والے پہلے پاکستانی بلے باز بننے پر ہیں۔

اس تاریخی کارنامے کو حاصل کرنے کے لیے انہیں 302 رنز درکار ہیں، بابر اس وقت 3698 رنز سکور کرچکے ہیں ۔ وہ ٹی ٹونٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ سکور کرنے والوں کی فہرست میں ویرات کوہلی (4037) اور روہت شرما (3974) سے پیچھے ہیں ۔ انہیں کوہلی کا ریکارڈ توڑنے کے لیے 340 رنز درکار ہیں ۔ واضح رہے کہ بلیک کیپس مذکورہ سیریز کے لیے پہلے ہی اسلام آباد پہنچ چکے ہیں۔