کاشتکاروں کی بروقت فنی رہنمائی کیلئے سوشل میڈیا ٹیم کا فعال ہونا انتہائی ناگزیر ہے ، وزیر زراعت پنجاب

پیر 15 اپریل 2024 21:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اپریل2024ء) وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے کہا ہے کہ کاشتکاروں کو جدید زرعی معلومات کی فوری ترسیل کیلئے سوشل میڈیا کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے، سوشل میڈیا کے موثر استعمال سے کاشتکاروں کوفوری معلومات دینے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے زراعت ہاؤس میں کاشتکاروں کو جدید ذرائع ابلاغ کے استعمال سے زرعی معلومات کی ترسیل سے متعلق منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کے وژن کے مطابق ہر محکمہ عوام کو معلومات کی فوری ترسیل کیلئے اقدمات یقینی بنائے۔ اجلاس میں سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے شرکت کی۔اس موقع پر صوبائی وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ کاشتکاروں کی بروقت فنی رہنمائی کیلئے محکمہ زراعت کی سوشل میڈیا ٹیم کا فعال ہونا انتہائی ناگزیر ہے تاکہ کاشتکاروں کو فصلوں کی جدید پیداواری ٹیکنالوجی،موسم کی صورتحال، منڈیوں کے ریٹس اور حکومت پنجاب کے کسان دوست منصوبوں سے متعلق بروقت آگاہی حاصل ہو سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں اس وقت 7 کروڑ 17 لاکھ سے زائد سوشل میڈیا صارفین موجود ہیں۔کاشتکاروں کی فنی رہنمائی کیلئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کا موثر استعمال وقت کا اہم تقاضا ہے۔ اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا کہ دنیا بھر میں کاشتکاروں کی معلومات کیلئے زرعی توسیع کی سروسز ڈیجیٹلائزڈ ہو رہی ہیں۔موثر ذرائع ابلاغ کے ذریعے فصلوں کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ممکن ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کاشتکاروں کو سوشل میڈیا کے ذریعے فوری معلومات پہنچانے کیلئے محکمانہ اصلاحات کی جائیں اور بروقت و معیاری معلومات کی ترسیل کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام زراعت سے متعلق اچھی اور جامع معلومات سے استفادہ کر سکیں۔قبل ازیں سوشل میڈیا سے منسلک ایکسپرٹ نے صوبائی وزیر زراعت ا و رسیکرٹری زراعت کو سوشل میڈیا کے موثر استعمال سے متعلق قابل عمل تجاویز پیش کیں ۔اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری زراعت(پلاننگ) کیپٹن(ر) وقاص رشید،ڈائریکٹر جنرل زراعت فیلڈ انجنئیر احمد سہیل،کنسلٹنٹ محکمہ زراعت ڈاکٹر انجم علی اور ڈائریکٹر زرعی اطلاعات پنجاب نوید عصمت کاہلوں سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔