محمد رضوان ویرات کوہلی، بابر اعظم کا ریکارڈ توڑنے کے قریب

ٹی ٹونٹی کرکٹ میں تیز ترین 3000 رنز بنانے والے کھلاڑی بننے سے صرف 19 رنز دور

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 16 اپریل 2024 10:59

محمد رضوان ویرات کوہلی، بابر اعظم کا ریکارڈ توڑنے کے قریب
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 16 اپریل 2024ء ) پاکستان کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان اپنے شاندار کیریئر میں ایک اور سنگ میل کے قریب پہنچ گئے ہیں کیونکہ گرین شرٹس پانچ میچوں کی ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے نیوزی لینڈ کی میزبانی کے لیے تیار ہیں۔ 2015ء میں بنگلہ دیش کے خلاف اپنا T20I ڈیبیو کرنے والے رضوان ،ویرات کوہلی اور بابر اعظم کے T20I کرکٹ میں تیز ترین 3,000 رنز بنانے والے کھلاڑی بننے کا ریکارڈ توڑنے کے راستے پر ہیں۔

کوہلی اور بابر دونوں نے ایک ہی مخالف انگلینڈ کے خلاف بالترتیب 2021ء اور 2022ء میں 81 اننگز میں مختصر فارمیٹ میں 3000 رنز مکمل کیے تھے۔ 31 سالہ رضوان نے اب تک 78 ٹی ٹونٹی اننگز میں 2,981 رنز بنائے ہیں اور وہ کوہلی اور بابر کو پیچھے چھوڑتے ہوئے T20I کرکٹ میں تیز ترین 3,000 رنز بنانے والے کھلاڑی بننے سے صرف 19 رنز دور ہیں۔

(جاری ہے)

ایسا کرتے ہوئے وہ T20I کرکٹ میں 3000 رنز کا ہندسہ عبور کرنے والے دوسرے پاکستانی بھی بن جائیں گے کیونکہ صرف بابر (3,698) نے پاکستان کے لیے 31 سالہ کھلاڑی سے زیادہ رنز بنائے ہیں۔

یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کا سکواڈ اتوار کو اسلام آباد پہنچا تھا جبکہ پاکستانی ٹیم بھی عید الفطر کی تعطیلات کے بعد وفاقی دارالحکومت میں جمع ہو گئی ہے۔ ٹرینٹ بولٹ، ڈیون کونوے، لوکی فرگوسن، میٹ ہنری، ڈیرل مچل، گلین فلپس، ریچن رویندرا، مچ سینٹنر اور کین ولیمسن انڈین پریمیئر لیگ کی وجہ سے سیریز میں شامل نہیں ہوں گے۔ دوسری جانب فاسٹ بولر محمد عامر اور آل راؤنڈر عماد وسیم جنہوں نے حال ہی میں ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لیا تھا نے سیریز کے لیے پاکستانی اسکواڈ میں واپسی کی ہے۔ عرفان خان اور عثمان خان کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے سیزن نو میں شاندار پرفارمنس کے بعد سلیکٹرز کی منظوری مل گئی ہے۔